بلوچستان سے سینیٹ کی نشستوں کےانتخابات کیلئے اپیلیٹ ٹریبونل کا قیام

منگل 19 مارچ 2024 12:59

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) الیکشن کمیشن کی جانب سے بلوچستان سے سینیٹ کی نشستوں کے انتخابات کیلئے اپیلیٹ ٹریبونل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔یہ بات صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان محمد فرید آفریدی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپیلیٹ ٹریبونل میں ریٹرننگ افسر کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات منظور یا مسترد کئے جانے کیخلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی، محمد فرید آفریدی نے مزید کہا کہ ایپلیٹ ٹریبونل بلوچستان ہائی کورٹ کے دو معزز ججز جسٹس محمد اعجاز سواتی اور جسٹس نزیر احمد لانگو پر مشتمل ہے،ان ٹریبونل کے پاس 21 مارچ تک کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی اور یہ ایپلیٹ ٹریبونل 25 مارچ تک اپیلوں پر فیصلے کریں گے۔

اسی طرح امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست کی اشاعت 26 مارچ کو ہوگی اور 27 مارچ تک امیدوار دستبردار ہوسکیں گے۔ شیڈول کے تحت پولنگ 02 اپریل 2024 کو صبح 9 سے شام 4 بجے تک صوبائی اسمبلی بلوچستان کوئٹہ میں ہوگی۔