فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈے کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کریگی، حاجی جمیل ضیا

منگل 19 مارچ 2024 16:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) پیپلز پارٹی پی ایس95کے صدر و ٹاون چیئرمین اورنگی ٹاون حاجی جمیل ضیانے جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کے خلاف تضحیک آمیز مہم چلانے والے والوں کے خلاف سخت ترین کاروائی ہونی چاہیے، جن لوگوں نے عوام کے جذبات مجروح کیے ہیں اور شہدا کی توہین کی ان کی شناخت کی جائے اور سزادی جائے، ایک سیاسی جماعت نے اپنے ذاتی مفاد کے خاطر ماضی میں پاک فوج کو بدنام کرنے کے لیئے مہم چلائی اور نفرت و انتشار پھیلانے کے لیئے لابنگ کی، ان خیالات کااظہارا نہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، حاجی جمیل ضیا نے کہا کہ پاک فوج ملکی سرحدوں کی حفاظت کی ضمانت ہے پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیئے افواج پاکستان کی جدوجہد اور کاوشیں لازوال ہیں، چندروز قبل بھی دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کلیئرنس میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل، کیپٹن سمیت پانچ جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، افواج پاکستان کی قربانیوں کے بدولت ملک میں امن و سلامتی قائم ہے دشمن ممالک کی ایجنسیاں ہروقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیئے سازشیں کررہی ہیں جن کو ہماری خفیہ ایجنسیوں کے لوگ دن رات محنت کر کہ ناکام بناتے ہیں اور وقت پڑنے اپنی جان بھی دینے سے گریز نہیں کرتے ، انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے پھیلانے والوں کو عوام نے مسترد کردیا ہے پاکستان کی مسلح افواج دہشتگردی کے ناسور سے نبرد آزما ہے، پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جانوں کا نذ ر انہ پیش کرنیوالے جری سپوتوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائیگا، قوم کے مستقبل کو محفوظ بناتے ہوئے جانیں نچھاور کرنیوالے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہے اور پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔