رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کے آغاز سے قبل ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری

ماہ مبارک کے پہلے عشرے کے اختتام پر ملک میں بارشوں کا باعث بننے والے سسٹم کی آمد کی پیشن گوئی

muhammad ali محمد علی بدھ 20 مارچ 2024 00:46

رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کے آغاز سے قبل ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری
لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 مارچ 2024ء) رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کے آغاز سے قبل ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری، ماہ مبارک کے پہلے عشرے کے اختتام پر ملک میں بارشوں کا باعث بننے والے سسٹم کی آمد کی پیشن گوئی۔ تفصیلات کے مطابق مارچ کے تیسرے عشرے کا آغاز قریب آنے اور رمضان المبارک گزرنے کے ساتھ ساتھ موسم گرم ہونے پر محکمہ موسمیات نے ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری سنا دی ہے۔

محکمہ موسمیات نے روزوں کے دوران موسم پھر سے ٹھنڈا ہو جانے کی نوید سنائی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 20 اور 21 مارچ کو ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 21 مارچ سے ملک میں ایک مغربی سسٹم داخل ہوگا جو ناصرف بارشیں برسانے کا باعث بنے گا، بلکہ خشک موسم والے علاقوں میں درجہ حرارت کی کمی کا باعث بھی بنے گا۔

(جاری ہے)

جبکہ آئندہ 24 گھںٹوں کیلئے موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

بدھ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم خشک رہے گا تاہم شام/رات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں رات کے اوقات میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہا۔اس دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چھور، مٹھی 40، حیدرآباد، لسبیلہ، شہید بینظیر آباد، ٹنڈو جام 39، کراچی، میرپورخاص، سکرنڈ، سبی، ٹھٹھہ میں 38ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔