Live Updates

مسلم لیگ ن نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کا اشارہ دے دیا

علی امین نے وفاق پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تو پھر گورنر راج کا آپشن موجود ہے۔ رہنما ن لیگ خواجہ سعد رفیق کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 27 اپریل 2024 15:59

مسلم لیگ ن نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کا اشارہ دے دیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کا اشارہ دے دیا۔ لاہور میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنماء خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماء آئے روز دھمکی آمیز بیان دیتے رہتے ہیں، کبھی اسلام آباد پر چڑھائی کی بات کی دھمکی دی جاتی ہے تو کبھی بہتان سازی کی جاتی ہے لیکن یہ نہ سمجھیں کہ ہم خاموش ہیں تو یہ کچھ بھی کہتے رہیں ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں کوئی انتشار پھیلے لیکن اگر علی امین گنڈا پور نے وفاق پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تو پھر گورنر راج لگانے کا آپشن موجود ہے، اس لیے بہتر ہے وہ یہ حماقت نہ ہی کریں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا وطیرہ ہے کہ ان کا ایک ہاتھ گریبان پر اور دوسرا پیروں پر ہوتا ہے، ملک میں سنجیدگی کی سیاست آنی چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پرامن محفوظ اور مستحکم بنائیں گے، ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، معاشی مسائل کے حل کیلئے محنت کر رہے ہیں، سعودی عرب میں بڑی سرمایہ کاری کیلئے وزیراعظم کوشش کررہے ہیں، ہمیں قرض کے بجائے سرمایہ کاری چاہیے، معاشی بگاڑ بہت بڑا ہے لیکن مایوس نہیں ہوں گے، جینا مرنا پاکستان میں ہی ہے، نئی نسل کو مستحکم پاکستان دینا ہے، جھوٹ بولے جاتے ہیں زہریلا پروپیگنڈہ کیاجاتا ہے لیکن پاکستان کا قافلہ کامیابی سے دوچار ہوگا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم نے اپنی آنے والی نسل کو جھوٹ اور بہتان بازی سے بچانا ہے ، آئے روز نوجوانوں کو زہریلا پروپیگنڈہ سنایا جاتا ہے، جھوٹ اور نفرت کی سیاست سے نوجوان نسل کو بہکایا جاتا ہے لیکن ہم نے اس جھوٹ اور زہریلے پروپیگنڈے کو روکنا ہے اور نئی نسل کو ہنر مند بنانے کی جانب سے توجہ مرکوز کر نی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کوششوں سے دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر راضی ہو رہے ہیں، وزیراعظم ملک کو اندھیروں سے نکالنے کی کوششیں کررہے ہیں، شہباز شریف کی کوششوں سے ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے ، حکومت کی کوششوں کے باعث ملک میں مہنگائی میں کمی واقع ہوئی ہے اور عام آدمی کو ریلیف ملنا شروع ہوا ہے، حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے آنے والے دنوں میں اچھی خبریں سننے کو ملیں گی اور یہ اندھیرے جلد دور ہوں گے، یہاں خوشحالی کا نیا دور عنقریب شروع ہوگا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات