Live Updates

بائیکس پراجیکٹ،وزیر اعلی مریم نواز کی موجودگی میں محکمہ ٹرانسپورٹ و پنجاب بنک کے درمیان ایم او یو پر دستخط

بدھ 20 مارچ 2024 22:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی موجودگی میں محکمہ ٹرانسپورٹ اور پنجاب بنک کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔20 ہزار بائیک پراجیکٹ کے ایم او یو پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی اور صدر پنجاب بنک ظفر مسعود نے دستخط کئے۔وزیر اعلی مریم نواز نے مئی میں قرعہ اندازی کے بعد اسی ماہ بائیکس ڈیلیوری شروع کر نے کی ہدایت کی ۔

وزیر اعلی نے طلبہ کیلئے مجوزہ الیکٹرک اور پٹرول بائیکس کا معائنہ کیا ، بائیکس کے نرخ بارے پوچھا اور کوالٹی چیک کی۔ مریم نوازنے بائیکس کا کلر حکومت پنچاب کے سبز لوگو کے کلر کے مطابق کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بائیک کے لئے طلبہ کی رجسٹریشن کا آغاز جلد از جلد کیا جائے گا، طلبہ کو19 ہزار پٹرول اور ایک ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود ماہانہ اقساط پر دی جائیگی، بنک آف پنجاب کے اشتراک سے طلبہ کو آسان اقساط پر بائیک کی فراہمی پر سود حکومت دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پٹرول بائیک کی ماہانہ قسط پانچ ہزار اور ای بائیک کی قسط دس ہزار سے کم ہوگی۔انہوں نے کہاکہ20 ہزار بائیکس کی فراہمی کا منصوبہ طلبہ کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرے گا،طلبہ کے لئے بائیکس کی فراہمی چیف منسٹر یوتھ انیشیٹو کے تحت ایک انقلابی سکیم ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ ذاتی سواری طلبہ کے روز مرہ زندگی میں وقت کی بچت کو یقینی بنائے گی اوریہ طلبہ کی تعلیمی استعداد کار میں بہتری کا سبب بنے گی، بائیکس کی تقسیم میں طلبا و طالبات کی یکساں نمائندگی خوش آئند ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی مشیرپرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بلال اکبر خان،چیف سیکرٹری،سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ، خزانہ، ایچ ای ڈی،چیئرمین پی آئی ٹی بی،صدر بنک آف پنجاب ظفر مسعود،ایم ڈی پی ایم اے، سیکرٹری پی ٹی اے پنجاب، سیکرٹری آر ٹی اے لاہور اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات