این اے 133کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے خلاف درخواست،فریقین کو نوٹس جاری،جواب طلب

بدھ 20 مارچ 2024 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 133 کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے الیکشن کمیشن کے اقدام کے خلاف دائر درخواست پرالیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست گزار کو طلبی نوٹس معطل کر دیا ۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے قصور سے تحریک انصاف کے آزاد نو منتخب امیدوار ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی کی دائر درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار این اے 133 قصور سے 10757 ووٹوں کی برتری سے جیتا، آر او اور الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا، ہارنے والے امیدوار رانا محمد اسحاق کی ووٹوں کی گنتی کی درخواست خارج کردی، انتخابی عذرداریوں کی سماعت کیلئے اس دوران ایپلٹ ٹربیونل بن گئے،الیکشن کمیشن نے مخالف امیدوار کی ووٹوں کی گنتی کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیئے، ایپلٹ ٹربیونل بننے کے بعد الیکشن کمیشن ووٹوں کی گنتی کی درخواست نہیں سن سکتا، الیکشن کمیشن نے خلاف قانون درخواست پر نوٹس جاری کئے ہیں۔