دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ،سیکورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، پرنس احمد علی بلوچ

بدھ 20 مارچ 2024 20:50

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2024ء) سابق صوبائی وزیر پرنس احمد علی بلوچ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ،سیکورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں،کرنل اور کیپٹن سمیت اہلکاروں نے وطن پر جان نچھاور کی ،دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ، سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید کرنل سمیت کیپٹن احمد اور دیگر اہلکاروں کی شہادت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،دہشت گرد نہ تو انسان ہیں نہ ہی ان کا کوئی مذہب ہوتا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔پرنس احمد علی بلوچ نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں آفیسر سمیت سات جوان شمالی وزیر ستان کے علاقے میر علی میں ایک بزدلانہ حملے میں شہادتوں پرپوری پاکستانی قوم غم زدہ ہے،اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو بین الاقوامی دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار رہا ہے۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں دہشت گردوں کا سیکورٹی فورسز پر حملہ قابلِ مذمت اور افسوسناک ہے، شہداءپاکستان کے ہیرو ہیں،پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے وطن کی خاطر جام شہادت نوش کی، دعاگو ہوں کہ اللہ شہدا ءکے اہل خانہ کو صبروجمیل عطا فرمائے، ہم نے پہلے بھی دہشت گردی کو شکست دی تھی، اس بار پھر مل کر دہشت گردی کو شکست دیں گے۔