بلوچستان میں سندھ حکومت کی طرزپرصحت کے معیاری طبی اداروں کے قیام کے لئے سیکرٹری خزانہ بلوچستان اوردیگرکاسندھ کا دورہ

بدھ 20 مارچ 2024 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2024ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان میں سندھ حکومت کی طرز پر صحت کے معیاری طبی اداروں کے قیام کے لئے سیکرٹری خزانہ بلوچستان بابر خان سیکرٹری صحت عبداللہ خان اور بی آئی سی ایچ پی کے صوبائی کوارڈنیٹر صادق خان کاکڑ نے سندھ کا دورہ کیا اورصحت کے شعبے میں اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے وہاں موجود ہیلتھ ماڈلز کا مشاہدہ کیا حکومت بلوچستان کے افسران نے وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے طبی شعبے میں حکومت سندھ کی معاونت کی پیشکش پر تشکر کا اظہار کیا ۔

ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوچستان سے اعلیٰ افسران کو مشاہدے کے لئے سندھ آمد پر خوش آمدید کہا اور سندھ حکومت کے افسران کو مکمل معاونت کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے چیف سیکرٹری سندھ اور ان کی ٹیم، سیکرٹری صحت اسد زمان ایم ڈی پی پی پی یونٹ خالد شیخ، سابق ایم ڈی پی پی پی یونٹ کو ہدایت کی کہ بلوچستان میں بہترین طبی ماڈلز کو اپنانے اور اس پر عمل درآمد کے لئے بلوچستان کی ٹیم کا بھرپور ساتھ دیں۔ بلوچستان کے افسران کا وفد دو روزہ دورے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے مختلف اقدامات کا جائزہ لیکر وزیر اعلیٰ بلوچستان کو اپنی تجاویز پیش کرے گا۔