خود کو ونگ کمانڈر ظاہر کرکے 3 مالدار خواتین سے شادی کرنے والا نوسرباز پکڑا گیا

ملزم شہریوں کو سرکاری ٹھیکے دلوانے کا لالچ دے کر کروڑوں روپے کا فراڈ بھی کرتا تھا۔ ترجمان پولیس

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 مارچ 2024 11:50

خود کو ونگ کمانڈر ظاہر کرکے 3 مالدار خواتین سے شادی کرنے والا نوسرباز ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ 2024ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے خود کو ونگ کمانڈر ظاہر کرکے 3 مالدار خواتین سے شادی کرنے والا نوسرباز پکڑا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سلسلے میں پولیس نے شہر قائد کے علاقہ سعدی ٹاؤن میں کارروائی کی اور وہاں سے جعلساز کو گرفتار کرلیا، جس کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ذیشان خود کو پاکستان ایئرفورس کا ونگ کمانڈر ظاہر کرنے کے بعد اپنے جعلی اثر رسوخ کے باعث شہریوں سے کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ملزم پر جعل سازی سے مالدار گھرانوں کی 3 خواتین سے شادیوں کا بھی الزام سامنے آیا، ملزم اپنے طریقہ واردات کے طور پر خود کو ونگ کمانڈر ظاہر کرکے مالدار گھرانوں کی خواتین کو پھنساتا اور پھر انہیں بہلا پھسلا کر شادی کرلیتا، جس کے بعد ملزم نے ان خواتین کے کروڑوں روپے ہڑپ کرلیے، ملزم کی اب تک ایسی تین خواتین سے شادیوں کے نتیجے میں کروڑوں روپے ہتھیانے کا انکشاف ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان سندھ پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم شہریوں کو سرکاری ٹھیکے دلوانے کا لالچ دے کر کروڑوں روپے کا فراڈ کرتا تھا، اس حوالے سے گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ زمان ٹاؤن میں دھوکہ دہی اور فراڈ کا مقدمہ بھی درج ہے، گرفتاری کے بعد ملزم سے سرکاری اداروں کے ٹھیکے دلوانے کی جعلی دستاویزات برآمد ہوئیں۔ ادھر نیب لاہور کے انٹیلی جنس ونگ نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی چیئرمین نیب کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا، ملزمان سادہ لوح شہریوں کو نیب کے سینئر افسر بن کر بلیک میل کرتے اور بھاری رقوم وصول کرتے تھے، ملزمان اویس ظہور اور عامر ظہور کے خلاف نیب کے جعلی سینئر آفیسر بن کر شہریوں کو ڈرا دھمکا کر اور غیر ضروری دبا ڈال کر غیر قانونی طور پر رقوم وصول کرنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں جن پر نیب کے اعلیٰ حکام کی جانب سے فوری کارروائی کے احکامات صادر کیے گئے، نیب لاہور انٹیلی جنس ونگ نے ان احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو مزید تحقیقات کیلئے تھانہ چونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے، نیب لاہور اس سے قبل بھی متعدد جعلی نیب افسران کی گرفتاری عمل میں لا چکا ہے، نیب لاہور نے اس ضمن میں شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ نیب سے متعلقہ کسی بھی مشکوک صورتحال یا شکایت کی صورت میں نیب انٹیلی جنس ونگ یا ترجمان نیب سے فوری رابطہ کریں۔