اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آوٴٹ سورسنگ، ٹینڈر کی تاریخ میں 2ماہ کی توسیع کردی گئی

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ٹینڈر کی تاریخ میں توسیع کا نیا حکم نامہ جاری کردیا ، بولی کی تاریخ 15 مئی 2024 کردی گئی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 21 مارچ 2024 11:58

اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آوٴٹ سورسنگ، ٹینڈر کی تاریخ میں 2ماہ ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مارچ2024 ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آوٴٹ سورسنگ کے معاملے پر ٹینڈر کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے تاریخ میں 2 ماہ کی توسیع کردی گئی،سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ٹینڈر کی تاریخ میں توسیع کا نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آوٴٹ سورسنگ کیلئے بولی کی تاریخ 15 مئی 2024 کردی گئی ہے۔

اسلام آباد ائیرپورٹ کو ٹھیکے پر لینے کیلئے دلچسپی رکھنے والی ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں سے درخواست طلب کی گئی ہے۔سابقہ پی ڈی ایم کی اتحادی وفاقی حکومت نے گزشتہ سال اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں کو آوٴٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا تھاجس کے بعد وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جسے ہوائی اڈوں کی آﺅٹ سورسنگ کے معاملات کو دیکھنے کا کہا گیا تھا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو 15سال کیلئے آﺅٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔واضح رہے کہ اسلام آباد ائیرپورٹ کی آﺅٹ سورسنگ کیلئے ٹینڈ ر کا اشتہار قومی و بین الاقوامی اخبارات میں شائع کروا یا گیا تھا جس میں بولی جمع کروانے کی تاریخ 18نومبر2023ءمقرر کی گئی تھی لیکن بعدازاں اس میں توسیع کر دی گئی تھی۔سول ایوی ایشن کی جانب سے اس حوالے سے ایک نیا اشتہار جاری کیا گیا تھا جس میں بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ 15مارچ 2024ءرکھی گئی تھی جبکہ بولی کیلئے شرائط و ضوابط سابقہ ہی رکھے گئے تھے۔

سی اے اے نے آوٴٹ سورسنگ کے ٹینڈر کیلئے 5 ہزار ڈالر فیس درخواست کے ساتھ جمع کرانے کاکہا گیا تھا۔اس حوالے سے سابقہ وفاقی وزیر برائے ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا تھاکہ اسلام آباد ائیرپورٹ کو 15 سال کیلئے آوٴٹ سورس کیا جا رہا ہے لیکن کوئی ملازم بے روزگار نہیں ہو گا۔ان کا کہنا تھاکہ آوٴٹ سورس کا مطلب یہ نہیں کہ ائیرپورٹس کو بیچا جارہا ہے، رن وے اور نیویگیشنل سسٹم آوٴٹ سورس نہیں کیا جا رہا، اسلام آباد کے بعد لاہور اور کراچی ائیرپورٹ کی باری آئے گی، اگر کوئی دباوٴ ڈالے گا تو دباوٴ برداشت نہیں کیا جائے گا۔