سلامتی کونسل میں غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی کےمطالبہ پر مشتمل مسودہ قراردادپیش کر دیا ہے ، انٹونی بلنکن

جمعرات 21 مارچ 2024 13:48

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ کی پٹی میں یرغمالیوں کی رہائی سے منسلک فوری جنگ بندی کےمطالبہ پر مشتمل مسودہ قراردادپیش کر دیا ہے اور ہم امید رکھتے ہیں کہ رکن ممالک اس کی حمایت کریں گے۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جمعرات کو سعودی عرب کے دورے کے دوران سعودی میڈیا ہائوس ’الحدث ‘سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قرارداد کا مسودہ جاری کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد پیش کی ہے جو کہ ہے جو یرغمالیوں کی رہائی سے منسلک ہے اور غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتی ہے، اور ہمیں پوری امید ہے کہ رکن ممالک اس کی حمایت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یقیناً، ہم اسرائیل اور اپنے دفاع کے کے حق کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ، یہ ضروری ہے کہ تکالیف سے دوچار شہریوں پر بھی ہم اپنی توجہ مرکوز کریں، ہماری ترجیح، شہریوں کی حفاظت، انہیں انسانی بنیادوں پر امداد حاصل کرنا ہے۔انٹونی بلنکن نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی ہے ،وہ جمعرات کو اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں مصر اور پھر اسرائیل روانہ ہوں گے۔