ساہیوال میں سموں کے غیر قانونی اجراء کی روک تھام کے لیے کامیاب چھاپہ

جمعرات 21 مارچ 2024 13:54

ساہیوال میں سموں کے غیر قانونی اجراء کی روک تھام کے لیے کامیاب چھاپہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2024ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) زونل آفس فیصل آباد نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی ای) سائبر کرائم سرکل کے تعاون سے ساہیوال میں سموں کے غیر قانونی اجراء کی روک تھام کے لیے ایک موبائل فون کمپنی کی فرنچائز پر کامیاب چھاپہ مارا۔یہ فرنچائز سموں کے غیر قانونی اجراء میں ملوث پائی گئی تھی، جو کہ غیر قانونی ٹریفک اور دھوکہ دہی کی سرگرمیوں میں بھی استعمال ہوتی تھیں۔

(جاری ہے)

چھاپے کے دوران 146 مشکوک سم کارڈز اور پانچ بی وی ایس ڈیوائسز اور ایک لیپ ٹاپ جو کہ غیر قانونی طور پر سموں کے اجراء کے حوالے سے زیر استعمال تھا، ضبط کر لیا گیا۔ مزید برآں، ایف آئی اے کی ٹیم نے موقع پر دو افراد کو گرفتار کر لیا جن کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ ایف آئی اے اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔پی ٹی اے نے اس فرنچائز کے ذریعے سموں کے غیر قانونی اجراء سے متعلق معلومات کی بنیاد پر ایف آئی اے کو شکایت درج کرائی تھی۔ یہ چھاپہ سموں کے غیر قانونی اجراء کے خاتمے کے لیے اتھارٹی کے عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔