Live Updates

ڈونلڈ لو کے سچ نے پی ٹی آئی کے جھوٹ کا بیانیہ دفن کر دیا ہے، حنیف عباسی کا بیرسٹر گوہر کے بیان پر ردعمل

جمعرات 21 مارچ 2024 23:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ڈونلڈ لو کے سچ نے پی ٹی آئی کے جھوٹ کا بیانیہ دفن کر دیا ہے، ڈونلڈ لو کی کانگریس کمیٹی میں پیشی سے پی ٹی آئی کی توقعات مٹی میں مل گئی ہیں ۔ جمعرات کو بیرسٹر گوہر خان کے بیان پر ردعمل پر مبنی اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جھوٹوں کی جماعت جھوٹ پکڑے جانے پر بھی جھوٹ ہی بول رہی ہے۔

امریکہ میں لابی کرنے کے لیے پی ٹی آئی نے لاکھوں ڈالر خرچ کیے، نتیجے سے مایوس ہو کر گوہر خان بہکی ہوئی باتیں کر رہے ہیں ۔بانی پی ٹی آئی اور اس کے خودساختہ چیئرمین دونوں کو اپنے جھوٹ پر معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دو سال سے یہ مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں ۔35 پنکچر سے لے کر سائفر تک ان کا ہر دعوی، ہر الزام اور ہر وعدہ جھوٹ نکلا ۔

(جاری ہے)

شہباز شریف پر پانامہ کیس میں 10 ارب کا جھوٹ باندھا، 2017 سے اب تک جھوٹا الزام لگانے والے ثبوت نہیں دے سکے۔

7 سال سے ہر پیشی پر عمران نیازی جھوٹا ثابت ہو رہا ہے لیکن شہباز شریف اور قوم سے معافی نہیں مانگی ۔300 کنال کے غیر قانونی بنی گالہ محل، 190 ملین پائونڈ کی ڈکیتی، گھڑیاں، ہیرے کی انگوٹھیاں، القادر یونیورسٹی، ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر، عمران نیازی کے جھوٹوں کی فہرست بہت طویل ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات