خیبر پختونخوا محکمہ توانائی اور محکمہ سی این ڈبلیو کا سیلز ٹیکس آن سروسز کی مکمل تعمیل کرنے کا اعلان

جمعرات 21 مارچ 2024 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) خیبر پختونخوا محکمہ توانائی اور محکمہ سی این ڈبلیو سیلز ٹیکس آن سروسز کی مکمل ادائیگی کو یقینی بنائے گی اور اس ضمن میں خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔اس بات کا اعلان خیبر پختونخوا محکمہ توانائی اور محکمہ سی این ڈبلیو کے سیکرٹریز کی جانب سے جمعرات کے روز ڈی جی کے پی آر اے اور ان کی ٹیم کے ساتھ سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ دو الگ الگ میٹنگز میں کیا گیا۔

کے پی آر اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈی جی کے پی آر اے محترمہ فوزیہ اقبال نے سیکرٹری محکمہ سی این ڈبلیو ادریس خان مروت اور سیکرٹری محکمہ توانائی نثار احمدکو کے پی آر اے، سیلز ٹیکس آن سروسز سے متعلق تفصیلی بریفننگ دی۔

(جاری ہے)

ڈی جی کے پی ار اے نے محکمہ سی این ڈبلیو کے افسران اور سیکرٹری کو بتایا کہ جولائی 2021 کے بعد فاٹا اور پاٹا میں اے ڈی پی اور پی ایس ڈی پی سکیموں کو حاصل ٹیکس استثنیٰ ختم ہو گیا ہے مگر ابھی بھی دیا جا رہا ہے جو کہ غلط ہے اور اس کو فوری طور پر ختم ہونا چاہیے، انہوں نے مزید بتایا کہ سیلز ٹیکس آن سروسز اور سیلز ٹیکس آن گڈز کی درجہ بندی نہ ہونے اور اس کے درمیان فرق کا ادراک نہ ہونے کی وجہ سے کے پی ار اے کا پیسہ ایف بی آر کے اکاؤنٹ میں جا رہا ہے جس کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ سی این ڈبلیو اور کے پی آر اے کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کا فقدان ہے جس کی وجہ سے ٹیکس کی مکمل تعمیل نہیں ہو رہی۔سیکرٹری سی این ڈبلیو محترم ادریس خان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کی ادائیگی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہر ایک نے اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہے تاکہ ہماری صوبے کی ترقی ممکن ہو سکے۔اس میں کوئی مشکل نہیں اور ہماری تھوڑی سی کوشش واضح فرق لا سکتی ہے۔

انہوں نے اپنے تمام افسران اور ماتحت اداروں کو احکامات جاری کیے کہ ٹیکس کی ادائیگی کو مکمل طور پر یقینی بنائیں اور کے پی آر اے کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی محکمہ سی این ڈبلیو سے تعلق رکھنے والے اکاؤنٹ افیسرز اور ایگزیکٹو انجینیئرز کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کرے گی۔

مزید برآں محکمہ توانائی کے ساتھ میٹنگ میں ڈی جی کے پی آر اے محترم فوضیہ اقبال کا کہنا تھا محکمہ توانائی کے نیچے کام کرنے والا انسپکٹریٹ آف الیکٹریسٹی ابھی تک کے پی ار اے کے ساتھ رجسٹر نہیں ہے اور اس کے ساتھ ساتھ پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ ارگنائزیشن اور خیبر پختونخوا آئیل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے ٹیکس کی مکمل ادائیگی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

اس پر سیکرٹری محکمہ توانائی نے احکامات جاری کی کہ انسپیکٹریٹ اف الیکٹرسٹی کو فوری طور پر کی پی ار اے کے ساتھ رجسٹر کیا جائے اور ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے مزید براں پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ ارگنائزیشن اور خیبر پختونخوا آئیل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ کو احکامات جاری کی کہ ٹیکس کی ادائیگی کو مکمل طور پر یقینی بنا کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔