جامشورو پاور ہائوس میں خطرناک آتشزدگی کے ذمہ داروں کے تعین کے لئے فوری طور پرعدالتی کمیشن بنا کر رپورٹ منظر عام پر لائی جائے،عبدالطیف نظامانی

پاور ہائوس میں تنصیب یونٹ ون 250MW جاپانی اور یونٹ ٹو 210 میگاوٹ چائینز ہے لیکن حکومتی پالیسی کے باعث گذشتہ ڈھائی سال سے بند کئے ہوئے ہیں ، بند پاور ہائوس میں آگ کا لگنا اور آگ بھجانے والے فائر ٹینڈر و گاڑیاں ناکارہ ہونا خود سوالیہ نشان ہے جس کی تحقیقات کی جانی چاہیے،مرکزی صدر واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین

جمعرات 21 مارچ 2024 23:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2024ء) جامشورو پاور ہائوس میں خطرناک آتشزدگی، قیمتی آلات کے نقصان اور ذمہ داروں کے تعین کے لئے محکمہ فوری طور پر غیرجانبدار عدالتی کمیشن بنا کر رپورٹ منظر عام پر لائی جائے، پاور ہائوس میں تنصیب یونٹ ون 250MW جاپانی اور یونٹ ٹو 210 میگاوٹ چائینز ہے لیکن حکومتی پالیسی کے باعث گذشتہ ڈھائی سال سے بند کئے ہوئے ہیں اور بند پاور ہاس میں آگ کا لگنا اور آگ بھجانے والے فائر ٹینڈر و گاڑیاں ناکارہ ہونے کے باعث صبح 8 بجے سے لگنے والی آگ کو رات گئے تک کنٹرول نہ ہونا خود سوالیہ نشان ہے جس کی تحقیقات کی جانی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے جامشورو پاور ہائوس میں خطرناک آگ لگنے کے واقعہ پر ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدھ کی صبح رات کی شفٹ ختم ہونے اور صبح کی پہلی شفٹ "A"کے چارج سنبھالنے کے وقت یہ سانحہ و قوع پذیر ہوا جس سے کنٹرول روم اسکے ملحقہ علاقوں ، کیبلز اور ٹربائن اور دیگر مشینری آلات اور تمام آتش گیر مواد کو نقصان پہنچا ابتدائی طور پر نقصان کا شکار ہوئے تھے لیکن جسطرح صبح سے رات گئے تک آگ پر قابو نہیں پایا جاسکتا ہے اس کا اس بات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کتنا شدید نقصان پہنچا ہوگا کنٹرول روم میں نصب آلات کی مالیت اربوں روپوں میں ہے جہاں بیٹھ کر سسٹم کو جانچا جاتا ہے اور آپریشن کیا جاتا ہے ۔

پاور ہائوس بند ہونے کے باوجود وہاں تقریبا 7 ہزار ٹن تیل بھی موجود تھا لیکن پاور ہائوس کو پھر بھی بند کیا ہوا تھا، انہوں نے کہا کہ قبل ازیں لاکھڑا پاور ہائوس کو بھی 2017 میں آگ لگنے کے باعث مستقل بند کردیا گیا تھا اور اب لگتا ہے یہی تاریخ پھر دہرائی گئی ہے تاکہ جامشورو پاور ہاس کو بند کرکے ملازمین کو فارغ کر دیا جائے اور اسے فروخت کرکے قومی نقصان پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے جامشورو پاور ہائوسسز کے انتظامی آفیسر جو 16 لاکھ روپے ہر ماہ اس بند پاور ہائوس پر وصول کررہے ہیں جوانکی کارکردگی پر سوالیا نشان ہے وہ تمام مراعات حاصل کرنے کے باوجود بھی پاور ہائوس کو چلانے میں کردار ادا کرنے کے بجائے اسے مزید تباہی کی جانب دھکیل رہے ہیں یوں لگتا ہے کہ خاص منصوبہ بندی کے ذریعے پاور ہاس کو نقصان پہنچایا گیا ہے، عبداللطیف نظامانی نے حکومت پاکستان اور وفاقی وزیر تو انائی اویس لغاری پر زور دیا کہ وہ اس واقع کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم صادر فرمائیں اور ذمہ داری کا تعین کرائیں تاکہ ملک و ملت کے اثاثے کو پہنچنے والے نقصان کا اعادہ اور ذمہ داران کو کیفے کردار تک پہنچایا جا سکے جو ملک کے محنت کشوں اور قومی اداروں سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔