وزیراعلیٰ سندھ سے امریکی قونصل جنرل کی ڈائریکٹریوایس ایڈ کے ہمراہ ملاقات

کراچی میں ٹریفک مینجمنٹ پروگرام پر گوگل سے بھرپور تعاون کرینگی: وزیرِ اعلی سندھ سیلاب کے باعث بڑی تعداد میں اسکولوں کی عمارتیں متاثر ہوئی ہیں، چاہتے ہیں کہ یو ایس ایڈ اسکولوں کی ان متاثرہ عمارتوں کی تعمیر میں تعاون کرے،مراد شاہ

جمعہ 22 مارچ 2024 14:54

وزیراعلیٰ سندھ سے امریکی قونصل جنرل کی ڈائریکٹریوایس ایڈ کے ہمراہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) وزیرِ اعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی میں ٹریفک مینجمنٹ پروگرام کے سلسلے میں گوگل سے بھرپور تعاون کرے گی۔وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے امریکا کے قونصل جنرل کونراڈ ٹریبل نے ملاقات کی۔ملاقات میں ڈائریکٹر یو ایس ایڈ مشن، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور دیگر بھی شریک تھے۔

اس موقع پر وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یو ایس ایڈ سندھ میں شعبہ تعلیم میں کچھ نئے منصوبے لائے۔ڈائریکٹر یو ایس ایڈ مشن نے کہا کہ یو ایس ایڈ موسمیاتی تبدیلی کا منصوبہ تعلیم کے لیے لانا چاہتا ہے۔وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب کے باعث بڑی تعداد میں اسکولوں کی عمارتیں متاثر ہوئی ہیں، چاہتے ہیں کہ یو ایس ایڈ اسکولوں کی ان متاثرہ عمارتوں کی تعمیر میں تعاون کرے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر یو ایس ایڈ مشن نے یقین دہانی کرائی کہ یو ایس ایڈ اسکول کی عمارتوں کی تعمیر کے حوالے سے بھرپور تعاون کرے گا۔وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب سے سندھ میں 21 لاکھ گھر متاثر ہوئے ہیں، 5 ہزار گھروں کی تعمیر کے لیے فنڈز جاری ہو چکے ہیں، 1 ہزار گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ڈائریکٹر یو ایس ایڈ مشن نے کہا کہ مدر چائلڈ نیوٹریشن پر سندھ میں کام کرنا چاہتے ہیں۔

وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت نے محکمہ سوشل پروٹیکشن قائم کیا ہے، غذائی قلت کے منصوبے پر کام محکمہ سماجی بہبود نے شروع کر دیا ہے۔ترجمان وزیرِ اعلی سندھ کے مطابق اجلاس میں طے ہوا کہ یو ایس ایڈ اور محکمہ پی اینڈ ڈی کا الگ اجلاس ہو گا، جس میں سیلاب سے متاثرہ اسکولوں کی تعمیر اور غذائی قلت کے منصوبوں پر بحث ہو گی۔ترجمان وزیرِ اعلی سندھ نے بتایا کہ وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون پر یو ایس ایڈ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر امریکی قونصل جنرل نے بتایا کہ گوگل کراچی میں ٹریفک مینجمنٹ پروگرام شروع کرنا چاہتا ہے۔وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس حوالے سے سندھ حکومت گوگل سے بھرپور تعاون کرے گی۔