ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین علامہ ناصر عباس ، شہریارآفریدی، شاندانہ گلزار اور فردوس شمیم نقوی کی بانی پی ٹی آئی سے 26 مارچ کو جیل میں ملاقات کرانے کا حکم

جمعہ 22 مارچ 2024 16:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین علامہ ناصر عباس ، شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار اور فردوس شمیم نقوی کی بانی پی ٹی آئی سے 26 مارچ کو جیل میں ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالتی حکم کے باوجود ملاقات نہ کرانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے غیرمشروط معافی مانگ لی۔

جمعہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے توہینِ عدالت کی درخواستوں پر تحریری جواب جمع کروا دیا۔ عدالت نے جواب پر عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے اسے غیر تسلی بخش قرار دیا۔ عدالت نے کہا آپ نے عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کے اپنے اقدام کا جواز پیش کرنے کی کوشش کی ہے جس پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے غیرمشروط معافی مانگ لی۔

عدالت نے کہا آئندہ سماعت پر اس متعلق عدالت کو مطمئن کریں اور 26 مارچ کو درخواست گزاروں کی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے۔ علامہ ناصر عباس ،شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار اور فردوس شمیم نقوی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔