وزیرخارجہ اسحاق ڈارسے متحدہ عرب امارات کے وزیرتوانائی و انفراسٹرکچر المازروئل سہیل کی ملاقات

جمعہ 22 مارچ 2024 22:47

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2024ء) وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے جوہری توانائی سمٹ کے دوران سائیڈ لائن پر متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی و انفراسٹرکچر المازروئل سہیل نے ملاقات کی ،دونوں وزرائ نے باہمی تعلقات کی صورتحال اور امکانات کا جائزہ لیا۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں پاک امارات تعلقات کے مزید فروغ کی خواہش کا اظہار کیا گیا ان شعبوں میں قابل تجدید توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ماحولیاتی سفارت کاری میں امارات کے کردار کو سراہا اسحاق ڈار نے کہا کہ یو اے ای کی میزبانی میں کوپ 28 نے عالمی توجہ کو صاف توانائی کے ایک آپشن کے طور پر نیوکلیئر انرجی کی طرف مبذول کرایا انہوں نے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال بالخصوص جوہری ری ایکٹر آپریشنز، حفاظت اور ریگولیٹری انفراسٹرکچر کے قیام کے تمام شعبوں میں اپنے تجربے اور مہارت کے اشتراک کے لیے پاکستان کی تیاری کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے یقین کا اظہار کیا کہ پاک اماراتی جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے کے تحت دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔متحدہ عرب امارات کے وزیر نے پاکستان کے اپنے دوروں اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ خاندانی تعلقات کو انہماک سے یاد کیا انہوں نے زور دیا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کی ترقی میں شراکت دار رہے گا۔