اقوام متحدہ کے مطابق 2025 تک پاکستان میں پانی کی شدید قلت ہوگی

ہمارا شمار دنیا کے4 سب سے زیادہ فی کس پانی استعمال کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے، ہمیں ذمہ دار شہری بن کر پانی کا استعمال کم کرنا ہوگا۔ نائب صدرپیپلزپارٹی سینیٹر شیری رحمان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 22 مارچ 2024 18:07

اقوام متحدہ کے مطابق 2025 تک پاکستان میں پانی کی شدید قلت ہوگی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مارچ2024ء) نائب صدرپیپلزپارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق 2025 تک پاکستان میں پانی کی شدید قلت ہوگی، ہمارا شمار دنیا کے 4  سب سے زیادہ فی کس پانی استعمال کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ واٹر ڈے کے حوالے سے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کی صورتحال شدید قلت کی تصویر پیش کر رہی ہے، ہمیں ذمہ دار شہری بن کر پانی کا استعمال کم کرنا ہوگا، کوشش کریں کہ پانی کا استعمال کم کریں، ہمیں دریا سندھ سمیت دیگر آبی وسائل کا تحفظ کرنا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ پانی ہے تو حیات ہے، اقوام متحدہ کے مطابق 2025 تک پاکستان میں پانی کی شدید قلت ہوگی، ہمارا فی کس پانی کا استعمال دنیا کے چار سب سے زیادہ فی کس استعمال کرنے والے ممالک میں شامل ہے، پانی ہمارہ قومی ذخیرہ ہے، اسے بچانا ہمارے قومی فریضہ ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں پانی کے عالمی دن کے مناسبت سے واٹر کارپوریشن کی جانب سے مرکزی دفتر کارساز سے شاہراہِ فیصل کے سروس روڈ تک ''واک'' کا اہتمام کیا گیا۔

واک کی قیادت سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے کی۔ اس موقع پر محمد ایوب شیخ، محمد ثاقب، سید عمران زیدی، سکندر زرداری، انتخاب راجپوت، آفتاب چانڈیو، سردار شاہ، الہی بخش بھٹو، سید عامر وقار، انجم توقیر، بلال ظفر، دلاور جعفری سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ واک میں اسکول کے استاذہ اور طلبا نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کرکے قومی پرچم لہرائے ہوئے پاکستان ذندہ باد کے زوردار نعرے لگائے۔

واک کے بعد سی ای او واٹر کارپوریشن نے شہر میں پانی کی فراہمی کے ذریعے امن اور ہم آہنگی کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا میں پانی کا عالمی دن منایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں واٹر کارپوریشن پانی کا عالمی دن ''امن کے لیے پانی''کے تحت اعلی جذبے کے ساتھ منا رہا ہے۔