قائد اعظم نے الگ اسلامی ریاست کے حصول کیلئے طویل جدوجہد کی، جاوید ایوب ایڈووکیٹ

جمعہ 22 مارچ 2024 19:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ، وزیر وائلڈ لائف ، فشریز و ترقیاتی ادارہ سردار جاوید ایوب ایڈووکیٹ نے 23مارچ1940ء کی نسبت سے اپنے خصوصی بیان میں میں کہا ہے کہ مسلمانان برصغیر کی تحریک آزادی کی طویل جدوجہد جس کا محور دو قومی نظریہ تھا اس محور کے خدوخال پر مبنی تاریخ ساز قرارداد پاکستان جو کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں لاہور میں پاس کر کے مسلمانان ہند کو ایک واضح سمت دی جس پر گامزن ہو کر صرف سات سال کی مزید انتھک محنت سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی صورت میں آزاد و خودمختار مملکت کا قیام عمل میں آیا ۔

(جاری ہے)

یوں حصول پاکستان کے ارفع مقصد میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانان ہند نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں بھانپ لیا تھا کہ کانگریس انگریزوں کے ساتھ ساز باز کر کے مسلمانوں کے ساتھ دھوکے سے کام لے رہی ہے۔ اس طرح قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ الگ اسلامی ریاست کے حصول کیلئے طویل جدوجہد جاری رکھی اور الگ مملکت کے قیام تک چین سے نہیں بیٹھے۔