مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے قائدانہ کردارادا کیاوہ ناقابل بیان ہے سانحات کے باوجود جمہوری جدوجہد میں پرعزم رہیں ،میرچنگیز خان جمالی

جمعہ 22 مارچ 2024 22:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میرچنگیز خان جمالی ،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو انکی سالگرہ کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحومہ نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے قائدانہ کردارادا کیاوہ ناقابل بیان ہے سانحات کے باوجود جمہوری جدوجہد میں پرعزم رہیں ۔

شہید جمہوریت بیگم نصر ت بھٹو کیسالگرہ کے موقع پر یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ بیگم نصرت بھٹو نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے قائدانہ کردارادا کیا جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ نصرت بھٹو ایک بہادر خاتون تھیں جو جمہوری جدوجہد کی راہ میں ناقابل ذاتی سانحات کے باوجود پرعزم رہی انکی عمر بھر کی جدوجہد ثمرآور ثابت ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے قیام کیلئے پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے اور جیلوں میں کوڑے کھائے لیکن اپنے مقاصد سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں جمہوریت پیپلزپارٹی کے قائدین کی قربانیوں کی بدولت مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے محترمہ نصر ت بھٹو کو انکی شاندارخرمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ غیور پاکستانی عوام بیگم نصرت بھٹو کی ملک اور قوم کیلئے قربانی اور جدوجہدکو کبھی نہیں بھولے گی مادر جمہوریت نے جمہوریت اور آئین کی بحالی کیلئے تاریخی جدوجہد کی اور اس جدوجہد میں میں ناقابل برداشت صدمات سہے، مادر جمہوریت کی بہادری اور ثابت قدمی جمہوریت پسندوں کیلئے حوصلہ اور ڈھارس رہی ، بیگم نصرت بھٹو نے جس عزم اور حوصلے سے سفاک ، اقتدار کے لالچی آئین شکن ٹولے کی مزاحمت کی اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، مادر جمہوریت نے سیاست میں صبر اور برداشت کے اصول متعارف کرائے اور وہ اصول آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کیلئے مشعل راہ ہیں۔