جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان کی قوم کو مبارکباد

مسلح افواج ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع، خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتی ہے، آرمی چیف

ہفتہ 23 مارچ 2024 14:14

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) پاکستان پر پاک فوج چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر، بحری فوج کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم کاوشوں کی یاد دلاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا یہ دن ہمیں آزادی کی اہمیت اور قدر کی یاد دلاتا ہے، آج ہندوستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کو فاشسٹ حکومت کے ہاتھوں بدترین مظالم کا سامنا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس دن مسلمانوں کے الگ وطن کے لیے ہمارے عظیم رہنماؤں کے ویڑن کے مطابق ہماری تقدیر کا تعین کیا گیا، یہ دن قیام پاکستان کی جدوجہد میں دی گئی ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں اور خدمات کی یاد دلاتا ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ ہم ہر روز اپنی آزادی کی قدر اور اس کا احترام کرتے ہیں، مسلح افواج ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع، خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔