23 مارچ کے موقع پر تہران کے آزادی سکوائر پر پاکستان اور ایران کے پرچم روشن

ایرانی اقدام دونوں ممالک کے گہری دوستی اور دوستانہ روابط کی علامت ہے، یوم پاکستان کے موقع پر تعاون اور گرم جوشی کے مظاہرے پر ایران کے مشکورہیں۔ تہران میں پاکستانی سفیر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 23 مارچ 2024 15:44

23 مارچ کے موقع پر تہران کے آزادی سکوائر پر پاکستان اور ایران کے پرچم ..
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ 2024ء ) یوم پاکستان کی مناسبت سے 23 مارچ کے موقع پر تہران کے آزادی سکوائر پر پاکستان اور ایران کے پرچم روشن کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وطن عزیز کے 84 ویں یوم پاکستان کے موقع پر تہران کا آزادی سکوائر پاکستان اور ایران کے پرچموں سے چمک اٹھا، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایران کے سفارت خانے نے اس حوالے سے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تہران کے آزادی اسکوائر کو پاکستان اور ایران کے پرچموں سے روشن کیا گیا ہے۔

ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں ایرانی سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا کہ 23 مارچ کو پاکستان یوم کے اس پرمسرت موقع پر تہران میں آزادی سکوائر کو ایران اور پاکستانی پرچم سے روشن کیا گیا تاکہ دونوں برادر ممالک کی یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے، ہم پاکستانی عوام کو یوم پاکستان کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایران کی جانب پاکستان کے قومی دن کے موقع پر یکجہتی کے مظاہرے کو سراہتے ہوئے ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہا کہ ایرانی اقدام دونوں ممالک کے گہری دوستی اور دوستانہ روابط کی علامت ہے، یوم پاکستان کے موقع پر تعاون اور گرم جوشی کے مظاہرے پر ایران کے مشکورہیں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، یوم پاکستان کی مرکزی تقریب شکر پڑیاں پریڈ گراوٴنڈ میں ہوئی جہاں مسلح افواج کے دستوں نے اپنی بھرپور طاقت اور نظم کا مظاہرہ کیا، افواج پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی صدرآصف علی زرداری تھے جب کہ سعودی عرب کے وزیر دفاع سمیت کئی غیر ملکی مہمان بھی پریڈ میں شریک ہوئے، پریڈ میں جنگی ہتھیاروں کی نمائش کے علاوہ پاکستان ائیرفورس کے جدید ترین طیاروں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا، فوجی دستوں نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے سلامی پیش کی، مسلح افواج کی پریڈ دیکھنے کیلئے عوام کی بڑی تعداد بھی شکر پڑیاں گراوٴنڈ میں موجود تھی۔