23 مارچ اس تجدید عہد کا دن ہے ہم وطن کی حفاظت، استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،میر عبید اللہ گورگیج

اتوار 24 مارچ 2024 03:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی میر عبید اللہ گورگیج نے 23 مارچ کومادر وطن کیساتھ لازوال محبت کے عہد کی تجدیدکا دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن برصغیر کے مسلمانوں نے پاکستان کی بنیاد رکھتے ہوئے ایک پر امن جدوجہد کے ذریعے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں 14اگست 1947ء کو ایک آزاد وطن کوپاکستان کی شکل حاصل کرکے علامہ محمد اقبال کے خواب کو تعبیر دی، رکن بلوچستان اسمبلی میر عبید اللہ گورگیج نے یوم پاکستان پر اپنے تہنیتی پیغام میں مزید کہا کہ 23 مارچ کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اپنے پاک وطن کی حفاظت، استحکام ترقی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ملک کے دفاعی استحکام ترقی و خوشحالی ، دہشت گردی ، معاشی بحران کے خاتمے کیلئے بحیثیت قوم اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آج کے دن ہم دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ ملکی سلامتی کے معاملے پر پوری قوم متحد اور بہادر افواج کیساتھ مل کر مادر وطن کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔