سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات، اردن، کویت اور بحرین کی روس میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت

اتوار 24 مارچ 2024 09:40

ریاض ، دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2024ء) سعودی عرب نے روس کے مضافات میں کروکس سٹی ہال میں ہونے والے مسلح دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے روسی صدر ولاد یمیر پیوٹن سے افسوس کا اظہار میں اس واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ، روسی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔وزارتی بیان میں روسی فیڈریشن اور عوام کی سلامتی و تحفظ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔روس کے شہر ماسکو میں سعودی سفارت خانے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حملے کے مقام کے آس پاس کے علاقے سے احتیاط کریں اور مقامی حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری ہنگامی صورتحال کے لیے سفارت خانے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔متحدہ عرب امارات، اردن، کویت اور بحرین نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ ساتھ روسی حکومت سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ داعش نے جمعے کو ماسکو کے ایک کنسرٹ ہال پر مسلح حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں روسی حکام کے مطابق کم از کم 150افراد ہلاک اور 187زخمی ہوئے ہیں۔