2 سالوں میں اصلاحات کے نتائج آئیں گے تو ملک کی معیشت دوبارہ پائوں پر کھڑا ہو گی‘ احسن اقبال

پاکستان کا معاشی چیلنج ہے کہ سارے ملک کا کاروبار ادھار پر چل رہا ہے ‘ وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی کی گفتگو

اتوار 24 مارچ 2024 20:15

2 سالوں میں اصلاحات کے نتائج آئیں گے تو ملک کی معیشت دوبارہ پائوں پر ..
نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا معاشی چیلنج ہے کہ سارے ملک کا کاروبار ادھار پر چل رہا ہے ،وفاقی حکومت کو ٹیکس کی صورت میں جو ریونیو ملتا ہے اس میں 1 ہزار ارب مزید قرضہ لے کر قرضہ ادا کیا جاتا ہے ،یہ ایک پھندا ہے جس میں ہم پھنسے ہوئے ہیں ،4 سالوں میں پی ٹی آئی کی حکومت معیشت کا جو کباڑہ کرکے گئی ہے آج اس کے شکنجے میں پوری قوم آئی ہوئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوٹیلیٹی سٹور کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ احسن اقبال نے یوٹیلٹی سٹو رپر اشیاء کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا ۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے ماہ رمضان میں عوام کے لئے ساڑھے 12 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے ،آٹا،گھی ، چینی اور دوسری اشیا ء وافر مقدار میں یوٹیلیٹی سٹور زپر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

معیشت کے حالات بہتر ہوں گے تو عوام کو مزید ریلیف دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی ملک کی معیشت کی تباہی کررہا تھا جو ہم اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے چیخ چیخ کر کہہ رہے تھے کہ اس کی نااہلی کی قیمت کئی سال تک قوم کو ادا کرنا پڑے گی اور آج ایسا ہی ہو رہاہے ۔2 سالوں میں ہماری اصلاحات کے جب نتائج آئیں گے تو ملک کی معیشت دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا ہو گی ۔حکومت کے خزانے میں پیسے آئیں گے تو ہم سبسڈی دینے کے قابل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعلق حکومت سے نہیں بین الاقوامی مارکیٹ کے نرخوں سے ہے ،اگر روپیہ ڈی ویلو ہوگا اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو لا محالہ ہمیں بھی تیل مہنگا کرنا پڑتا ہے ،ہم اپنی ضرورت کے مطابق تیل امپورٹ کرتے ہیں اس لئے اس پر ہمارا اختیار نہیں۔