فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے غزہ بچاؤ مہم کے زیر اہتمام اسلام آباد میں دھر

ڈی چوک جانے کی کوشش کرنے پر پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج ، پتھرائو سے ایک پولیس اہلکار زخمی

اتوار 24 مارچ 2024 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے غزہ بچاؤ مہم کے زیر اہتمام اسلام آباد میں دھرنا دیا گیا،ڈی چوک جانے کی کوشش کرنے پر پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا گیا جبکہ مظاہرین کے پتھرائو سے ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا، بات چیت کے بعد اجازت ملنے پر مظاہرین نے ایکسپریس چوک پر آکر دھرنا دیا اور وہیں پر افطاری کی جس کے بعد پرامن طور پر دھرنہ ختم کردیا گیا۔

اتوار کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے غزہ بچاؤ مہم کے زیر اہتمام اسلام آباد میں دھرنا دیاگیا۔دوپہر کو دھرنے کے شرکاء ڈی چوک جانے کے لئے ایکسپریس چوک کیقریب پہنچے تو پولیس نے آگے جانے سے روک دیا جس کے بعد دھرنا مظاہرین نے ایکسپریس چوک کے قریب دھرنا دے دیا، مظاہرین نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ فلسطین کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے،دھرنے میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

دھرنے میں شریک جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کو بچانے کے لئے حکمرانوں کو جگانا ہے، اس کام کے لئے سیو غزہ کمپیئن جدوجہد کر رہی ہے،ہمیں محاصرے میں لیا گیا، ہمیں ڈی چوک نہیں جانے دیا گیا،ہمیں ڈرایا دھمکایا گیا ہے، مشتاق احمد نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی ہو رہی ہے،فورا سیز فائر کیا جائے،ہیومینٹیرین اسسٹنٹ کوریڈور قائم کیا جائے،انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں اسرائیل کے جرائم کے خلاف جائیں۔

بعد ازاں مظاہرین کی جانب سے ڈی چوک جانے کی کوشش کی گئی تو پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا گیا جبکہ مظاہرین کے پتھراؤ سے ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا، بات چیت کے بعد پولیس نے مظاہرین کو ایکسپریس چوک تک آنے کی اجازت دے دی جس کے بعد مظاہرین ایکسپریس چوک پر آگئے، وہیں پر افطاری کی اور نماز کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا۔