دبئی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے مسافروں کےلئے مفت سمارٹ چھتری سروس شروع

پیر 25 مارچ 2024 09:40

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) متحدہ عرب امارات دبئی میں روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے)نے کینیڈا کی معروف سمارٹ امبریلا شیئر سروس کمپنی’’امبرہ سٹی‘‘ کے تعاون سے الغبیبہ بس اور میٹرو سٹیشن پر مفت سمارٹ چھتری‘سروس کا آغاز کر دیاہے۔الامارات الیوم کے مطابق سروس کا مقصد دبئی میں پیدل چلنے کی حوصلہ افزائی کے لئے ڈیزائن کی گئی ہے۔

پیدل چلنے والوں کو دھوپ اور بارش سے بھی بچانے میں سہولت فراہم کرتی ہے۔یہ سروس خاص طور پر ڈیزائن کی گئی ہے تاکہ یہاں کے رہائشی اپنی روزمرہ کی ضروریات پیدل یا بائیک کے ذریعے 20 منٹ کے اندر پوری کرسکیں۔دبئی میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی میں پبلک ٹرانسپورٹ ایجنسی کے ٹرانسپورٹیشن سسٹم ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹرخالد العوضی نے کہا کہ سمارٹ چھتریاں نول کارڈ استعمال کرتے ہوئے مفت حاصل کی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

نئی سروس فی الحال تجرباتی طور پر 3 ماہ کے لئے الغبیبہ بس اور میٹرو سٹیشن پر شروع کی گئی ہے۔ آزمائشی مدت کے بعد اتھارٹی جائزہ لے کر اس کا دائرہ بڑھانے پر غور کرے گی۔امبرہ سٹی کے سی ای او امیر انتزاری نے کہا کہ آر ٹی اے کے ساتھ شراکت داری پر فخر ہے۔ اس پراجیکٹ کے ذریعے ہم سمارٹ اورپائیدار شہری زندگی کے لیے ایک عالمی معیار قائم کررہے ہیں۔