ٹی ٹونٹی فزیکل فٹنس کیمپ(کل)منگل سے کاکول میں شروع ہوگا،ترجمان

پیر 25 مارچ 2024 10:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ٹی ٹونٹی فزیکل فٹنس کیمپ کے لیے 29 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔کیمپ (کل)منگل سے کاکول میں شروع ہوگا۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق تمام 29 کھلاڑی (کل) منگل کو کاکول ایبٹ آباد میں منعقدہ فٹنس کیمپ میں حصہ لینے کے لئے رپورٹ کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ یہ کیمپ پاکستان آرمی کے تعاون سے منعقد کررہا ہے جس میں ایک خاص حکمت عملی کے مطابق کھلاڑیوں کو آنے والی سیریز اور ٹورنامنٹ کے لیے تیار کیا جائے گا جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹونٹی سیریز آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز اور امریکہ ، ویسٹ انڈیز میں منعقدہ آئندہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ شامل ہے۔

کیمپ 26 مارچ سے شروع ہوگا اور 8 اپریل کو اختتام پذیر ہوگا۔

(جاری ہے)

کیمپ میں بنیادی توجہ ٹیم کی تیاری پر ہوگی اور اس کا مقصد کھلاڑیوں کی جسمانی اور ذہنی طاقت کو بڑھانا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے بہترین حالت میں ہوں۔کیمپ میں تجربہ کار ٹرینرز اور کوچز کی رہنمائی میں کھلاڑی ایک جامع پروگرام کے تحت ٹریننگ حاصل کریں گے جو ان کی فٹنس لیول، چستی، لیڈرشپ اور سٹریٹجک سوچ اور میدان میں مجموعی کارکردگی کو بلند کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

کیمپ میں بابراعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، فخرزمان، صاحبزادہ فرحان، حسیب اللہ، سعود شکیل، عثمان خان، محمد حارث، سلمان علی آغا، اعظم خان، افتخار احمد، عرفان خان نیازی، شاداب خان، عماد وسیم، اسامہ میر، محمد نواز، مہران ممتاز، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عباس آفریدی، حسن علی، محمد علی، زمان خان، وسیم جونیئر، عامر جمال، حارث رئوف، اور محمد عامر شامل ہیں۔