Live Updates

چیئرمین فیسکو کا بجلی کی تاروں سے لٹکی پتنگیں اور ڈور ہٹانے کا حکم

انتظامیہ کو مراسلہ ارسال، فیلڈ سٹاف کیمیکل ڈورکو تاروں سے ہٹانے کیلئے فی الفور اقدامات کرے،پتنگ بازی سے انسانی زندگیوں اورٹرانسمیشن لائنوں کو بھی خطرہ ہے،چیئرمین فیسکو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 25 مارچ 2024 11:15

چیئرمین فیسکو کا بجلی کی تاروں سے لٹکی پتنگیں اور ڈور ہٹانے کا حکم
فیصل آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 مارچ2024 ء) چیئرمین فیسکو نے فیصل آباد میں کٹی پتنگ کی ڈورپھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے بعد ریجن میں بجلی کی تاروں سے لٹکی پتنگیں اور ڈوریں ہٹانے کا حکم دیدیا،چیئرمین فیسکو کی جانب سے انتظامیہ کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں فی الفور فیلڈ سٹاف کیمیکل ڈورکو تاروں سے ہٹانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی سے انسانی زندگیوں اورٹرانسمیشن لائنوں کو بھی خطرہ ہے۔

چیئرمین فیسکو کی جانب سے مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ریجن کے آٹھوں اضلاع میں فیلڈ اسٹاف ڈیوٹی پرموجود رہیں اور پتنگ بازی کے سدباب کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے ساتھ ساتھ واپڈا کی ٹرانسمیشن لائنوں کی بھی حفاظت کی جا سکے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ دو روز قبل فیصل آباد میں پتنگ کی قاتل ڈور نے اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف نوجوان کی جان لے لی تھی، 22 سالہ آصف کی عید سے چار روز بعد شادی تھی، تاہم شادی سے چند روز پہلے ہی اس نوجوان کے گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے کا یہ افسوسناک واقعہ پیش آگیا جہاں ناولٹی پل کے قریب گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعہ رپورٹ ہوا، ڈور پھرنے کے بعد 22 سالہ آصف موٹر سائیکل سے گر پڑا اور مسلسل خون بہنے کی وجہ سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔

مقتول آصف سات بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا اور اس نے بی بی اے کی ڈگری حاصل کررکھی تھی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے مریم نواز نے بھی فیصل آباد میں پتنگ کی ڈور سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔ مریم نوازنے پولیس کو پتنگ بازی کے سدباب کےلئے موثر اقدامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے سخت کریک ڈاﺅن کا حکم دیا تھا ۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی کیخلاف زیروٹالرونس اپنائی جائے اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات