نوجوانوں کو ٹیکنالوجی،آئی ٹی اور ریسرچ میں اپنا نام پیدا کرناچاہیے‘ احسن اقبال

ہم روائتی طریقہ سے دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے،روشن مستقبل نوجوان طلبہ کی محنت کیساتھ وابسطہ ہے

پیر 25 مارچ 2024 15:50

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارا روشن مستقبل نوجوان طلبہ کی محنت اور کوشش کے ساتھ وابسطہ ہے، نوجوانوں کو ٹیکنالوجی،آئی ٹی اور ریسرچ میں اپنا نام پیدا کرناچاہیے،روائتی طریقہ سے ہم دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف نارووال میں روڈز،سیوریج اور واٹر سپلائی سمیت مختلف آپریشنل فسیلٹیز پر مبنی سکیموں کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی آف نارووال کے ان منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنا میرے لئے خوشی کی بات ہے جن منصوبوں کی منظوری ہمارے دور میں دی گئی وہ پچھلی حکومت کے دور میں بلاوجہ التوا کا شکار رہے۔

(جاری ہے)

میرے ساتھ منسوب تمام تر منصوبوں پر کام کو بلاوجہ روکا گیا۔ہم نے سینٹر آف ایکسیلینس کے لئے زمین کی خریداری کے لئے پچھلی پنجاب گورنمنٹ نے پیسے روک لئے اور پی ٹی آئی کی لوکل قیادت نے اس منصوبے کی تکمیل کو روک کر اپنی تعلیم دشمن سوچ اور انتقامی کارروائی کا منہ بولتا ثبوت دیا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف نارووال کے کئی ایک منصوبے جن کو چار سال بلا وجہ التوا کئے رکھا اب ان منصوبوں کی لاگت کئی گناہ بڑھ چکی ہے اب کیا اس نقصان کا ازالہ اڈیالہ جیل میں موجود ہینڈ سم لیڈر کرے گا۔نارووال کی سطح پر چلتے ہوئے تمام منصوبے بند کئے گئے اور اس طرح نارووال کی ترقی کو روکا گیا۔نارووال سپورٹس سٹی کو تباہ کیا گیا اگر سپورٹس سٹی پر جاری منصوبے بروقت مکمل کرلئے جاتے تو آج وہاں پی ایس ایل کے میچ ہوتے ہمارے بچے ان گرائونڈز میں کھیل کر اپنی صلاحیتوں کو نکھارتے اور وطن عزیز کا نام روشن کرتے۔

اگر آپ ہیومن ریسورس کو بہترین ایچ آر میں تبدیل کردیں تو یہی بہتر ایچ آر اپنا جہان خود پیدا کرسکتے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے آپ بچوں کیلئے تعلیم کی تمام تر سہولیات مہیا کی ہیں اب آپ تعلیم کے میدان میں اپنا مقام خود پیدا کریں۔ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا نام پیدا کریں۔آئی ٹی کے استعمال سے دنیا بھر کی لائبریریوں سے اپنی تعلیمی ضروریات کو پورا کریں اور ریسرچ کی دنیا میں اپنا نام پیدا کریں۔

اپنے اس وقت کا بھرپور استعمال کریں اور اپنی انٹلیکچول گروتھ پر دہیان دیں۔صرف نوٹسز پر اکتفا کرنے سے آپ آج کی دنیا کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے۔آج انوویشن کا زمانہ ہے آپ کو چاہیے کہ اپنے علم کو آپ گریڈ کرتے رہیں۔نئی نئی چیزیں سیکھیں اور اپنے آپ کو لائف لانگ لرنر کے طور پر تیار کریں۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ہم ملکی سطح پر نارووال کی پہچان لیڈر آف ایجوکیشن کے طور پر کرواسکیں۔

مجھے امید ہے کہ آپ میرے اس خواب کو شرمندہ تعبیر ضرور کریں گے۔ حالیہ الیکشن مہم کے دوران مجھے ایسے کئی والدین ملے ہیں جن کے بچوں کا مستقبل انہی یونیورسٹیوں کی وجہ سے روشن ہوا ہے آج یونیورسٹی آف نارووال کے بچے دنیا کی بہترین درسگاہوں میں اپنی تعلیم کو مکمل کر رہے ہیں۔شکرگڑھ اور ظفروال سمیت دور دراز کے علاقوں کے بچے اور بچیوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولیات مہیا کریں تاکہ تمام تر طلبہ کو یہ سہولت میسر آسکے۔

اس یونیورسٹی کی بنیاد کا اصل مقصد اپنی نئی نسل کے اندر مسلمانوں کے روشن ماضی کی طرح ایک دفع پھر سے تعلیمی فکر کو پیدا کرنا ہے اور اس ادارے کی ریسرچ کو مجموعی طور پر مسلم امہ کے فائدے کے لئے پیش کرنا ہے۔آج آپ اسرائیل کو دیکھیں کہ وہ انتہائی قلیل تعداد میں ہوتے ہوئے بھی کروڑوں مسلمانوں کے لئے مصائب کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ آج ٹیکنالوجی میں مسلم دنیا سے بہت آگے ہے۔

ہمارا روشن مستقبل آپ بچوں کی محنت اور کوشش کے ساتھ وابسطہ ہے اس لئے جی بھر کے محنت کریں۔یونیورسٹی آف نارووال کی ٹیکنیکل ٹیم کی جانب سے احسن اقبال کو مذکورہ اسکیموں بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے روڈ رولر چلا کر آپریشنل فسیلٹیز پر کام کا باقاعدہ افتتاح کیا اور یونیورسٹی آف نارووال کے ٹرانسپورٹ پول کیلئے خریدی جانے والی 4بسیں یونیورسٹی انتظامیہ کے حوالے کیں اور ایڈمن بلاک میں پودا بھی لگایا۔