Live Updates

مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی فیصل آباد آمد،ڈور پھرنے اور گٹر کی صفائی کے دوران جاں بحق ہونیوالوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا

پیر 25 مارچ 2024 22:48

مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی فیصل آباد ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق ہونیوالے21 سالہ نوجوان آصف اشفاق ولد محمد اشفاق قوم قریشی سکنہ برف والا چوک ریلوے ہاؤسنگ کالونی سمن آباد فیصل آبادکے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچے۔اس موقع پرسینئروزیر مریم اورنگ زیب،پرویز رشید، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، چوہدری عابد شیر علی، کمشنر فیصل آباد سلوت سعید،آر پی او ڈاکٹرمحمد عابد خان،ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ، سی پی او کیپٹن(ر) محمد علی ضیا اوردیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف نے آصف اشفاق کے والد محمد اشفاق اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت اور دعائے مغفرت سمیت آصف اشفاق کی وفات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہارکیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مرحوم آصف اشفاق کی والدہ کو گلے لگا کر تسلی دی۔اس موقع پرآصف مرحوم کی والدہ ہچکیاں لے کر رونے لگیں اور کہا کہ ابھی اس کی شادی کرنی تھی، وزیر اعلیٰ مریم نواز ان کا ہاتھ تھام کر تسلی تشفی دیتی رہیں جبکہ قائد محمد نواز شریف نے بھی سوگوار خاندان کو دلاسہ دیا۔

نواز شریف نے کہا کہ سب ملکر اس جرم کو روکیں کیونکہ اس واقعہ کی خوفناک وڈیوان سے دیکھی نہیں جاتی۔مرحوم کی والدہ اور بھائی نے کہا کہ ہمارا آصف چلا گیاکسی اور کا آصف نہ جائے جس پر مریم نواز نے کہا کہ میں بھی ماں ہوں اور ماں کے دکھ کو سمجھتی ہوں،آصف اشفاق کی دردناک موت پورے معاشرے کیلئے لمحہ فکریہ ہے،پتنگ بازی تفریح نہیں خونی کھیل بن چکا ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے رو کنے کی سماجی ذمہ داری پوری کریں۔انہوں نے کہا کہ دھاتی تار بنانے، بیچنے اور خریدنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پرآئی جی پولیس نے واقعہ کے ذمہ دار افراد کی گرفتاری کے بارے میں بتایااور کہا کہ ڈور منگوانے، بیچنے اور خریدنے والے ٹریس ہوچکے ہیں۔ آئی جی نے کہا کہ ڈور کے پی کے سے پانڈا کے ذریعے سپلائی کی جا رہی تھی۔

بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف فیصل آبادمیں واسا کے ہلاک ہونیوالے سیور مینوں آصف مسیح اور شان مسیح کی رہائش گاہ پر بھی گئے جو سیوریج کی صفائی کے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آصف مسیح کے والد الیاس مسیح اور شان مسیح کے والدمشتاق مسیح سے ملاقات کی اور مریم نواز نے متوفی کے بچوں کو گودمیں بٹھا کر پیار کیاجبکہ متوفی کی والدہ کو دلاسابھی دیا۔

نواز شریف نے کہا کہ آصف اور شان کے دوران ڈیوٹی ہلاک ہونے کا بے حد دکھ ہے،واسا کو اپنے سیور مینوں کی حفاظت کیلئے بھرپور اقدامات کرنے چاہئیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ورکرز کیلئے آکو پیشنل سیفٹی کٹس دی جارہی ہیں،ہر ورکر میرے لئے اہم ہے، ہر جان قیمتی ہے۔اس دوران سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، پرویز رشید، طلا ل چوہدری، خلیل طاہر سندھو، مسلم لیگ کے دیگر رہنما، چیف سیکرٹری، آئی جی کمشنر،آر پی او اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات