حلف کی پاسداری اور عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے آخری آئینی حد تک جنگ لڑوں گا ، وزیراعظم آزاد کشمیر

پیر 25 مارچ 2024 20:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ حلف کی پاسداری ، ریاست کے غیور عوام کے حقوق اور ان کے تحفظ کے لئے آخری آئینی حد تک جنگ لڑوں گا ،قوموں کی زندگی میں مشکل فیصلوں کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے، دنیا میں کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک وہاں سزا اور جزا کا عمل نہ ہو، ریاست عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے چل رہی ہے ، ان کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ، تاریخ میں پہلی مرتبہ 25فیصد نارمل بجٹ میں بچت ہوئی ہے ، یہ سب کچھ عوام پر خرچ کریں گے، لوگوں کے دکھ اور تکلیف کی بات کرتا رہوں گا ، ریاست سے بد دیانتی ، کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکوں گا، آزادکشمیر میں ہیلتھ ایجوکیشن اور سڑکوں کے منصوبے زمین پر نظر آئیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے فاریسٹر فاریسٹ گارڈ ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام بیلداران کی بحالی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزراء حکومت میاں عبدالوحید، سردار جاوید ایوب، محمد اکمل سرگالہ ، نثار انصر ابدالی ، جاوید اقبال بڈھانوی ، ظفراقبال ملک ، چوہدری قاسم مجید ،چیئرمین معائنہ وعملدرآمد کمیشن پیر مظہر سعید نے بھی خطاب کیا۔

جبکہ کے اس موقع پر وزیر حکومت چوہدری اظہر صادق ،سیکرٹری صاحبان حکومت ، سربراہان محکمہ جات ،محکمہ جنگلات کے آفیسران اور بیلداران کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نچلی سطح سے غربت کا سو فیصد خاتمہ کرنے کے لیے 10ارب روپے کا سوشل پروٹیکشن پروگرام کے تحت انڈوومنٹ فنڈ قائم کر دیا ہے جس کے تحت آزادکشمیر میں بیوہ ، طلاق یافتہ ، معذور اور عمر رسیدہ افراد کو ان کی دہلیز پر عزت نفس کو مجروح کیے بغیر مالی امداد فراہم کریں گے۔

بیلداروں کو نئی وردیاں اور ساز و سامان فراہم کریں گے۔ جنگلات کے ملازمین کے تمام مسائل حل کریں گے۔ جنگلات ہماری آنے والی نسلوں کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں۔ جنگلات کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ریاست کی خوبصورتی جنگلات کی وجہ سے ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود اور بہتری اور اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ریاست کے پاس وسائل کی کمی نہیں ہے۔

کرپشن اور بدیانتی کے لیے کسی قسم کے وسائل نہیں ہیں ، ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی۔ بہت جلد آزادکشمیر کے عوام کوہمارے اقدامات کے ثمرات نظر آئیں گے۔ پوری جانفشانی کے ساتھ کام کروں گا ا س کے لیے کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑی کروں گا۔ وزیرا عظم نے کہا کہ آزادکشمیر سے سٹیٹس کو کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایمز کو میڈیکل سٹی میں تبدیل کر یں گے ۔

آزادکشمیر کے سکولو ں اور کالجز میں عمارات تعمیر کر کے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی کاوشوں سے شونٹر اور جاگراں 2کے پراجیکٹ سائن ہو گئے ہیں، یہ منصوبے آزادکشمیر کی خوشحالی کے لیے گیم چینجر ہیں۔ وزیر جنگلات محمد اکمل سرگالہ نے کہا کہ جنگلات کے ملازمین کے تمام مسائل حل کر یں گے۔بیلداران کی مستقلی کے لیے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔

اتحادی حکومت وزیراعظم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ وزیرا عظم کی گڈ گورننس اور کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ وزیرحکومت نثار انصر ابدالی نے کہا کہ وزیرا عظم کو اتحادی جماعتوں اور فارورڈ بلاک کا بھرپور اعتماد حاصل ہے۔ وزیر حکومت جاوید اقبال بڈھانوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب وزیراعظم کے اقدامات کے ساتھ ہیں۔

وزیر تعلیم ظفر اقبال ملک نے کہا کہ 70سال کے مسائل دنوں میں حل نہیں ہو سکتے ، ملازمین کے مسائل حل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افراتفری اور انتشار پھیلانے والے کسی صورت کامیاب نہیں ہو ں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ اتحادی جماعتیں وزیراعظم کے ساتھ ہیں ، ریاست ہے تو ہم سب ہیں ۔ وزیرحکومت میاں عبدالوحید نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے بیلداران ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

یہی لوگ جنگلات کا تحفظ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم نے کرپشن کے راستوں کو بند کر دیا ہے۔ وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیلداران جنگل کی حفاظت کے لیے ہر وقت موجود ہوتے ہیں۔حکومت وسائل کے اندر رہتے ہوئے تمام مسائل حل کر ے گی۔ چیئرمین معائنہ و عملدرآمد کمیشن پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ جنگل ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں ، شجر پروری کے ساتھ ساتھ جنگلات کی حفاظت میں ہم سب کی بقا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلداران کے جائز مسائل حل کریں گے۔