بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزائوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کل منگل تک ملتوی

پیر 25 مارچ 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور میاں گل حسن اورنگزیب نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزائوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کل منگل تک ملتوی کر دی ۔ پیر کے روز سماعت کے موقع پر پی ٹی آئی وکلاء بیرسٹر سلمان صفدر ، علی بخاری ، بیرسٹر تیمور ملک ، شیراز احمد رانجھا ، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان ، عمر ایوب خان ، نیاز اللہ نیازی ، شاہ محمود قریشی کے اہل خانہ اور بانی پی ٹی آئی کی بہنیں عدالت میں موجود تھیں ۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر جسٹس (ر ) حامد علی شاہ ، ذوالفقار عباس نقوی اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار قیوم خان نیازی بھی عدالت میں موجود تھے ۔ سماعت شروع ہونے پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے آفس سے کوئی آیا ہے ؟ ہم نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے ریورٹ منگوائی تھی ۔

(جاری ہے)

عدالت کو بتایا گیا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے رپورٹ ابھی تک پیش نہیں ہوئی ۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ایاز شوکت عدالت کے سامنے پیش ہو گئے ۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ آپ نے جج پر جو اعتراض کیا تھا وہ درخواست دکھائیں ، سائفر کیس کی سماعت کے دوران جب جج پر یہ اعتراض آیا تھا تو عدالت نے آبزرویشن دی تھی ٹرائل جج کے سامنے درخواست دائر کر سکتے ہیں ۔ اس موقع پر اڈیالہ جیل حکام بھی عدالت میں پیش ہو گئے ۔ عدالت نے سماعت کل منگل تک ملتوی کر دی۔