ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات میں فروری کے دوران 23 فیصد اضافہ

منگل 26 مارچ 2024 10:55

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات میں فروری کے دوران سالانہ بنیادوں پر 23 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق فروری میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات پر 15 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ سال فروری کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سال فروری میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات پر 12 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہو ا تھا۔

(جاری ہے)

جنوری کے مقابلے میں فروری میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 32 فیصد کا اضافہ ہوا۔ جنوری میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات کا حجم 11 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو فروری میں بڑھ کر 15 ملین ڈالر ہوگیا۔ جاری مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ٹیکسٹائل مشینری کی مجموعی درآمدا ت کا حجم 95 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 65 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات پر 268 ملین ڈالر کا زرمبادلہ دخرچ ہوا تھا۔ واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں مشینری گروپ کی مجموعی درآمدات 5.045 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 4.154 ارب ڈالر تھا۔