سابق سینیٹر طلحہ محمود پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے

ایک ہفتہ قبل صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی جس میں ان کی جانب سے مجھے پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔ سابق سینیٹر کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی منگل 26 مارچ 2024 11:51

سابق سینیٹر طلحہ محمود  پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ 2024ء ) جمعیت علماء اسلام ف کے سابق سینیٹر طلحہ محمود نے مولانا فضل الرحمان کی پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نیئر بخاری، فیصل کریم کنڈی اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا، اس موقع پر سابق سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی تھی جس میں ان کی جانب سے مجھے پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔

طلحہ محمود نے کہا کہ میں پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کرتا ہوں، زندگی میں کبھی کسی پارٹی میں شمولیت نہیں رہی، 2006ء میں رکن قومی اسمبلی بننے کیلئے جمعیت علماء اسلام ف کا ٹکٹ لیا جس کے بعد سے آج تک جمعیت علماء اسلام ف کے علاوہ کسی پارٹی میں نہیں رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 9 سال وزارت داخلہ کی کمیٹی کا رکن رہا ہوں، 2021ء میں سینیٹ کی سب سے بڑی کمیٹی کا چیئرمین منتخب ہوا، 2022ء میں فیڈرل منسٹر اسٹیٹ اور فرنٹیئر ریجن بنایا گیا، میری زندگی آپ لوگوں کے سامنے کھلی کتاب کی طرح ہے، میں نے اپنی زندگی صاف ستھری گزارنے کی کوشش کی، 18 سال میں حکومت پاکستان سے تنخواہ اور نہ کوئی مراعات لیں، پاکستان کی بہتری کیلئے اپنا حصہ ڈالا۔

سابق سینیٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی بدحالی اور سیاسی حالات سب کے سامنے ہیں، سب کو علم ہے پاکستان کن مسائل سے گزر رہا ہے، ہم نے پاکستان کو مشکلات سے باہر نکالنے کیلئے اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہے، پاکستان کو سخت ضرورت ہے کہ میں نیشنل لیول پر کوئی کام کر سکوں، موجودہ حالات میں مجھے پیپلزپارٹی سے بہتر کوئی جماعت نظر نہیں آتی، اسی لیے پیپلز پارٹی کو جوائن کیا ہے اور انہوں نے مجھے عزت دی ہے جس پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔