ایچی سن کالج میں زیر تعلیم بچوں کے والدین کا پرنسپل مائیکل تھامسن کے حق میں مظاہرہ

مظاہرین کی گورنر پنجاب کیخلاف شدید نعرے بازی ،گورنر پنجاب ایچی سن کالج کے معاملات میں مداخلت سے باز رہیں ،پولیس کی بھاری نفری موجود

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 26 مارچ 2024 12:31

ایچی سن کالج میں زیر تعلیم بچوں کے والدین کا پرنسپل مائیکل تھامسن کے ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 مارچ2024 ء) گو رنر ہاﺅس لاہو ر کے باہر ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل تھامسن کے حق میں والدین اور کالج کے بچوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کار ڈ بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر مائیکل تھامسن کا استعفیٰ نامنظور اوردیگر نعرے درج تھے جبکہ مظاہرین نے گورنر پنجاب کیخلاف بھی نعرے بازی کی۔گورنر پنجاب ایچی سن کالج کے معاملات میں مداخلت سے باز رہیں تاکہ یہاں تعلیم حاصل کرنے والے بچے منصفانہ انداز میں اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں ۔

بچوں کے والدین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل تھامسن کا پرنسپل منظور نہ کیا جائے اور ان کو عہدے پر برقرار رکھا جائے۔ایجی کالج کے نظام کو خراب نہ کیا جائے اور سیاسی معاملات کو کالج کے اندرونی معاملات میں شامل نہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

گورنر ہاﺅس کے باہر مظاہرے کے موقع پراینٹی رائٹ فورس اور ڈولفن فورس کے اہلکاروں کی بڑی تعداد کو گورنر ہاﺅس کے باہر تعینات کیا گیا تھاجبکہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے واٹر کینن بھی منگوائی گئی تھی۔

اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشن کا کہنا تھا کہ اگر مظاہرین کی جانب سے روڈ کو بلاک کیا گیا یا کوئی بھی غیر قانونی حرکت کی گئی تو پولیس حرکت میں آئی گی۔خیال رہے کہ ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے گورنر پنجاب سے اختلافات کی بنا پرگزشتہ روز عہدے سے استعفیٰ دیدیاتھا۔ ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے عملے کے نام خط میں کہاتھا کہ سکولوں میں اقربا پروری اور سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، انتہائی بری گورننس کی وجہ سے میرے پاس کوئی اور چوائس نہیں ہے۔

پرنسپل ایچی سن کالج نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھاکہ چند افراد کی خاطر پالیسیوں میں تباہ کن تبدیلیاں لائی گئیں، گورنر ہاوٴس کے جانبدارانہ اقدامات کے باعث گورننس کا نظام تباہ ہو گیا۔اس کے ساتھ ہی ایچی سن کالج کے پرنسپل نے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھاکہ کالج کی شہرت کی حفاظت کیلئے بھرپور کوشش کی، یکم اپریل کو سکول چھوڑ رہا ہوں اور داخلوں کا حصہ نہیں بنوں گا۔

دریں اثناءگورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن کے استعفے پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ انکوائریز سے بچنے کیلئے پرنسپل ایچی سن کالج نے یہ حربہ اپنایا ہے، مائیکل تھامسن ایک سال میں 100 سے زائد چھٹیاں کرتے تھے۔ پرنسپل ایچی سن کالج دو مرتبہ استعفے کی درخواست دے چکے تھے، بورڈ نے نئے پرنسپل کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے استعفیٰ قبول نہیں کیا تھا، تاہم اگست 2024 میں پرنسپل کا استعفیٰ قابل عمل ہو جانا تھا۔ اگلے مہینے ایچی سن کالج کے نئے پرنسپل کی تعیناتی فائنل کر لی گئی ہے۔گورنرپنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن کی 40لاکھ تنخواہ لینے کا آڈٹ شروع کر دیا گیا ہے۔