مونس الٰہی کو ضمنی الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی،ریٹرنگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار

صنم جاوید کو سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت ، 11صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری

منگل 26 مارچ 2024 16:09

مونس الٰہی کو ضمنی الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی،ریٹرنگ افسر کا فیصلہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) لاہورہائیکورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل نے سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے چودھری مونس الٰہی کو ضمنی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔لاہورہائیکورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل میں ریٹرنگ افسر کے فیصلے کے خلاف مونس الٰہی کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ اپیلیٹ ٹریبونل نے ریٹرنگ افسر کا فیصلہ کالعدم قراردے کر مونس الٰہی کو ضمنی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

ریٹرننگ آفیسر نے مونس الٰہی کے پی پی 158 کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے تھے۔علاوہ ازیں جسٹس شاہد بلال نے پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید کو سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کا 11صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔اپیلٹ ٹربیونل نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ عمر سرفراز چیمہ بھی جیل میں ہیں، ان کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے، کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ صنم جاوید کو جنرل الیکشن لڑنے کی اجازت بھی ملی، کسی کو بنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔اپیلٹ ٹربیونل نے کہا کہ الزام تھا کہ اپیل کنندہ کا شوہر 2023 کی ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرا سکا، اپیل کنندہ کے شوہر کو 9 مئی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا، 2023 کا ٹیکس ناگزیر حالات کی وجہ سے جمع نہیں ہو سکا، ان حالات و واقعات کا جائزہ ریٹرننگ افسر کو بھی لینا چاہیے تھا۔تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ صنم جاوید کو مخصوص نشست پر انتخاب لڑنے کی اجازت دی جاتی ہے۔