امریکہ: بالٹیمور میں ایک بحری جہاز پُل سے ٹکرا گیا

DW ڈی ڈبلیو منگل 26 مارچ 2024 16:20

امریکہ: بالٹیمور میں ایک بحری جہاز  پُل سے ٹکرا گیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 26 مارچ 2024ء) مقامی میڈیا کی خبروں کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ کے بڑے شہر بالٹیمور میں منگل کی صبح ایک کارگو جہاز اس شہر کے اسٹیل کی محراب کی شکل والے ''فرانسس اسکاٹ کی برج‘‘ کا ایک حصہ اُس وقت ٹوٹ کر پانی میں گرا جب ایک کارگو جہاز اُس سے ٹکرا گیا۔

ریاست میری لینڈ کی اتھارٹی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں تحریر کیا، ''کی برج جہاز کے ٹکراؤ کے سبب گرا۔

یہ ایک حقیقی منظر تھا۔‘‘

حادثہ کیسے پیش آیا

منگل کی الصبح ایک بڑا جہاز 1.6 میل (2.57 کلومیٹر) طویل اس پل سے ٹکرا گیا۔ جہاز کے پُل کے ساتھ تصادم کے سبب متعدد گاڑیاں دریائے پٹاپسکو میں گر گئیں۔ یہ منظر سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

میری لینڈ ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا،'' I-695 کی برج پر دونوں سمتوں سے تمام لینز کو بند کر دیا گیا ہے اور ٹریفک کا رُخ متبادل راستے کی طرف موڑا جا رہا ہے۔

‘‘

یہ برج بالٹیمور کی ٹریفک کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور شہر کے جنوبی حصے میں دریا کے ایک وسیع حصے پر پھیلا ہوا ہے۔ بالٹیمور کے میئر نے کہا ہے کہ ایمرجنسی اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بالٹیمور کے میئر برینڈن ایم اسکاٹ نے ایکس پر لکھا، ''ہنگامی اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور کوششیں جاری ہیں۔

‘‘

ریسکیو کارروائیاں جاری

بالٹیمور کے محکمہ پولیس کی ایک ترجمان نکی فینوئی نے این بی سی نیوز کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا،''میں صبح ڈیڑھ بجے رونما ہونے والے اس حادثے کی تصدیق کرتی ہوں۔ بالٹیمور کی پولیس کو جزوی پُل گرنے کی اطلاع ملی۔‘‘

ایسوسی ایٹڈ پریس نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں بالٹیمور فائر ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن کیون کارٹ رائٹ کے حوالے سے کہا گیا کہ ہنگامی امداد کے کارکنان کم از کم سات افراد کو پانی میں تلاش کر رہے ہیں۔

کیون کارٹ رائٹ نے اے پی کو بتایا کہ جس وقت جہاز پُل کے ایک کالم سے ٹکرایا، اس وقت پل پر متعدد گاڑیاں موجود تھیں۔ بالٹیمور فائر ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن کیون کارٹ رائٹ نے کہا، ''یہ واقعہ بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا سبب بننے والا حادثہ ہو سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے اس حادثے کو ایک سنگین ایمرجنسی قرار دیا ہے۔

جہاز کی نگرانی کرنے والی ایک ویب سائٹ میرین ٹریفک نے سنگاپور کے جھنڈے والے کنٹینروں سے لدے جہاز کو دکھایا، جس کا نام ڈالی بتایا جاتا ہے، جو منگل کی صبح پل کے نیچے رکا تھا۔

ک م/ ا ا(اے پی ، روئٹرز)