hمونس الٰہی کو پی پی 158 سے ضمنی انتخاب لڑنے کی اجازت

منگل 26 مارچ 2024 18:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل نے مونس الٰہی کو پی پی 158 سے ضمنی انتخاب لڑنے کی اجازت دے دی جبکہ چوہدری پرویز الہی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ اپیلیٹ ٹریبونل کے جج جسٹس شاہد کریم محفوظ فیصلہ سنایا۔ پرویز الٰہی نے پی پی 32 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا اقدام چیلنج کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم پر مشتمل اپیلٹ ٹربیونل نے دونوں باپ بیٹے کی اپیلوں پر سماعت کی، پرویز الٰہی اور مونس الہی نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل میں چیلنج کیا، ٹربیونل کو بتایا گیا کہ مونس کو عدالتی مفرور ہونے پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے، ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے، سپریم کورٹ اپنے فیصلے میں عدالتی مفرور کو انتخاب لڑنے کا اہل قرار دیا ہے، عدالت ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انتخاب لڑنے کی اجازت دے جس پر ٹربیونل نے مونس الہی کو پی پی 158 لاہور کے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انتخاب لڑنے کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

پرویز الٰہی پی پی 32 گجرات سے انتخاب میں حصہ لینا چاہتے ہیں، حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر نے اثاثے ظاہر نہ کرنے کے الزام کے تحت کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے ہیں، پرویز الہی کے تمام اثاثے ٹیکس ریٹرن میں ظاہر کیے گئے ہیں، ٹربیونل ریٹرننگ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر انتخاب لڑنے کی اجازت دے۔ ٹربیونل نے پی پی 164 لاہور سے اصفر مجید کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لیے۔