چینی انجینئرز کی گاڑی پر حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، وزیراعلی، گورنر کے پی

منگل 26 مارچ 2024 19:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں شاہراہ قراقرم پر چینی انجینئرز کی گاڑی پر دہشتگرد حملہ کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ چینی انجینئرز کی گاڑی پر حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔انہوں نے شاہراہ قراقرم پر ہونے والے دہشت گرد واقعہ کی رپورٹ انسپکٹر جنرل پولیس سے طلب کر لی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے اس واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائِی جائَے۔دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے شاہراہ قراقرم پر چینی باشندوں کی گاڑی پر خودکش حملہ کی مذمت کرتے ہوئَے چین کی حکومت اور چینی عوام سے دلی ہمدردی، رنج و غم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔حاجی غلام علی نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے ایسے واقعات پاک چین لازوال دوستی کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ خیبرپختونخوا کے عوام بھی متاثرہ چینی خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔