جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے‘ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ

چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی زیر صدارت اہم اجلاس،پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی شرکت

منگل 26 مارچ 2024 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی زیر صدارت پنجاب کے تمام36اضلاع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججزکے ساتھ پہلا باضابطہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ شیخ خالدبشیر، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری ملک محمد ساجد اعوان اور لاہور ہائی کورٹ کے تینوں علاقائی بنچز کے سینئر ایڈیشنل رجسٹرارز بھی موجود تھے۔

اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز نے اپنی اپنی تجاویز و آرا پیش کیں۔ جن کو مدِ نظر رکھتے ہوئے فاضل چیف جسٹس نے درج ذیل ہدایات جاری کیں کہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں ویڈیو لنک کے ذریعے شہادت قلم بند کرنے اور بحث سننے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔جھوٹی اور بے بنیاد مقدمہ بازی کو پہلی پیشی پر ختم کیا جائے گا اور ایسی مقدمہ بازی شروع کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

عدالتی افسران زیادہ سے زیادہ وقت عدالتوں میں گزاریں گے اور چیمبر میں بیٹھے رہنے والے عدالتی افسران کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے سلیبس میں بہتری لاتے ہوئے اس کو موجودہ حالات کے مطابق آسان بنایا جائے گا۔اچھی کارکردگی کے حامل جوڈیشل افسران کو تعریفی اسناد دی جائیں گی، نیز ان کی حوصلہ افزائی کے لئے مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے۔

ضلعی عدلیہ میں سٹاف کی کرپشن و بدعنوانی روکنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، نیز متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسے افراد کو نوکری سے فارغ کرنے کے لئے فوری قانونی اقدامات اٹھائیں گے۔ جوڈیشل افسران کی بروقت حاضری کو چیک کرنے کے لئے بائیو میٹرک سسٹم کو آئندہ سوموار سے پنجاب کی تمام ضلعی عدالتوں میں نافذ العمل کردیا جائے گا۔ چیف جسٹس نے مزید ہدایت کی کہ جوڈیشل افسران مقدمات کے فیصلے بلا خوف و خطر کرنے کے پابند ہونگے، نیز پہلی عدالت سے ہی جس فریق کا حق بنتا ہوگا، اِس کو دیئے جانے کو یقینی بنا یا جائے گا۔

جھوٹے فوجداری مقدمات میں ملوث افراد کو پہلی سطح کی عدالتوں سے ضمانت و بریت کو یقینی بنایا جائے گا۔ پنجاب بار کونسل کے نمائندوں کے ساتھ مل کر ہڑتال کلچر کی حوصلہ شکنی کی جائے گی، اور اس کے مکمل خاتمے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ عدالتوں کی تالہ بندی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، توہین عدالت کے مرتکب اور عدالتوں کی تالہ بندی میں ملوث افراد کے خلاف بلا لحاظ عہدہ فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پرانے مقدمات کے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر فیصلے کئے جانے کیلئے تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جائے گا۔