Live Updates

عمران خان ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل فٹ ہیں، بشری بی بی

عوام کو چوروں کا ساتھ نہیں دینا چاہیے، بانی پی ٹی آئی چاہتے تو وہ بنی گالہ میں آرام کی زندگی گزار رہے ہوتے، گفتگو

منگل 26 مارچ 2024 19:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل فٹ ہیں۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق بیان دیا، عمران خان ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل فٹ ہیں۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان نے کبھی کسی کو نقصان پہنچایا نہ کسی کو مارنے کا کہا، بانی پی ٹی آئی کے خمیر میں بدلہ لینا نہیں، مسلمان کسی سے بدلہ نہیں لیتا۔بشریٰ بی بی نے الزام عائد کیا کہ میں اڈیالہ جیل آئی تھی، میں جو شہد کھاتی ہوں اس میں کچھ ملا دیا گیا، میں نے وہ سارا شہد کھا لیا، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

(جاری ہے)

بشریٰ بی بی نے کہا کہ یہ کچھ بھی کر لیں یہ عوام میں چلنے کے قابل نہیں رہیں گے، حالات بہتری کی جانب جا رہے ہوتے تو رانا ثنا اللہ ایسا بیان نہ دیتے۔

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا کہ چیزوں کو بہتری کی طرف جانا چاہیے تھا مگر نہیں جا رہیں، بانی پی ٹی آئی عوام اور ملک کے لیے جیل کے اندر ہیں۔بشریٰ بی بی نے کہا کہ عوام کو چوروں کا ساتھ نہیں دینا چاہیے، بانی پی ٹی آئی چاہتے تو وہ بنی گالہ میں آرام کی زندگی گزار رہے ہوتے۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات