کچھ غیر ملکی عناصر اپنے مفادات کی تکمیل کے لیے پاکستان میں دہشت گردی کی مدد اور معاونت میں ملوث ہیں، آئی ایس پی آر

منگل 26 مارچ 2024 19:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات خاص طور پر گوادر، تربت اور بشام میں ملک کے اندرونی سلامتی کے ماحول کو غیر مستحکم کرنے کے ناپاک ارادے سے وحشیانہ حملے کیے گئے، کچھ غیر ملکی عناصر اپنے مفادات کی تکمیل کے لیے پاکستان میں دہشت گردی کی مدد اور معاونت میں ملوث ہیں، یہ عناصر دہشت گردی کے سرپرستوں کے طور پر مسلسل بے نقاب ہو رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے دو حملوں کو مسلح افواج نے کامیاب طریقے سے ناکام بنا دیا تھا لیکن بشام میں حالیہ واقعے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 معصوم شہری جاں بحق ہو گئے۔ پورا ملک اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اس بزدلانہ حملے کی مذمت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور عوام کی بہبود کے لیے اہم حکمت عملی کے منصوبوں اور حساس مقامات کو ہدف بنایا جا رہا ہے تاکہ ہماری ترقی میں رکاوٹ پیدا کی جا سکے اور پاکستان اور اس کے اتحادیوں اور شراکت داروں، خاص طور پر چین کے درمیان اختلاف پیدا کیا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا کہ معصوم شہریوں، غیر ملکیوں اور مسلح افواج کے خلاف ایسی وحشیانہ تشدد کی کارروائیاں پاکستانی عوام، اس کی سکیورٹی فورسز اور ہمارے شراکت داروں کے عزم کو دہشت گردی کے لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے سے نہیں روکیں گی۔ دہشت گردی کے خلاف صف اول کی ریاست ہونے کے ناطے پاکستان واحد ملک ہے جو پختہ عزم کے ساتھ دہشت گرد تنظیموں کا براہ راست مقابلہ کر رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مضبوط قوم اور ہمارے اتحادی چین کی غیر مشروط حمایت سے ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ دہشت گردی کی براہ راست یا بالواسطہ طور پر مدد کرنے والے تمام لوگوں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ہم مل کر مشکلات اور برائی پر غالب آئیں گے۔انشاء اللہ