گرین بس سروس میں 25 نئی بسوں کا جلد اضافہ کردیا جائے گا،وزیر اعلیٰ بلو چستان

منگل 26 مارچ 2024 21:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر سر فراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ کچلاک سے مستونگ تک معیاری پبلک ٹرانسپورٹ سروس کے لئے قابل عمل منصوبہ تشکیل دیا جائے گرین بس سروس میں 25 نئی بسوں کا جلد اضافہ کردیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سمیت شہر میں جاری و مجوزہ فلاح عامہ اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔

اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن، ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن حمزہ شفقات نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت 8 بسوں میں روزانہ 11 ہزار لوگ سفر کررہے ہیں مزید 25 بسوں کی شمولیت کے بعد روزآنہ 50 ہزار لوگوں کو سفر کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے انکشاف کیا کہ جناح روڈ پر دکان کا سرکاری کرایہ 25 روپے اور کیفے بلدیہ کا 55 روپے ہے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ملکیت 63 پراپرٹیز ہیں۔

اجلا س سے خطاب کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ بلو چستان میرسرفراز بگٹی نے کہاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت عوامی سہولت کے منصوبوں پر کام شروع کیا جائے بلوچستان کے عام آدمی تک حکومتی ثمرات پہنچنا ضروری ہیں ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سرکاری پراپرٹیز کے کرایوں میں نظر ثانی کا حکم دیا۔ انہوں نے کہاکہ ختم شدہ لیز کے مستقل کا فیصلہ کابینہ کے پہلے اجلاس میں کیا جائیگا۔