سعودی عرب کے ولی عہد کی سربراہی میں کابینہ اجلاس، غزہ کی صورتحال اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا

بدھ 27 مارچ 2024 09:10

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) سعودی عرب کی کابینہ کا اجلاس ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سربراہی میں جدہ میں منعقد ہوا جس میں غزہ کی صورتحال سمیت مختلف امور زیر بحث آئے۔ایس پی اےکے مطابق وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے کابینہ اجلاس میں ہونے والی کارروائی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ولی عہد سے وفاقی جمہوریہ جرمنی کے صدر کے ٹیلی فونک رابطے کے علاوہ کویت کے وزیراعظم سے ملاقات کے حوالے سے بھی بحث کی گئی۔

کابینہ اجلاس میں علاقائی اور عالمی تازہ ترین حالات پربھی تبادلہ حیال کیا گیا جن میں سرفہرست غزہ کی پٹی میں ہونے والے انسانی المیے کی بگڑتی صورتحال کے حوالے سے سکیورٹی کونسل کی جانب سے فوری جنگ بندی کی قرارداد کو سراہا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہا وزرا کونسل نے حکومت کی جانب سے انتہائی ضرورت مند خاندانوں کے لیے رہائشی سکیم کے حوالے سے شروع کی جانے والی مہم ’جود الاسکان‘ کو سراہتے ہوئے اسے بہترین اقدام قرار دیا۔

وزرا کونسل کے اجلاس میں متعدد امور کے فیصلے کیے گئے جن میں وزیر ثقافت یا ان کی جانب سے مقرر کردہ نمائندے کو تاجکستان کے ساتھ ثقافتی امور میں تعاون کے لیے اختیار دیا گیا۔وزارت پانی ، زراعت اور ماحولیات کی جانب سے جمہوریہ ترکیہ کے ساتھ زرعی میدان میں تعاون کے مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔کابینہ اجلاس میں حج سیزن کے دوران عارضی بنیادوں پر مختلف ممالک سے درآمد کی جانے والی افرادی قوت کے ویزوں کی فیس حکومتی جانب سے ادائیگی کے فیصلے کو جاری رکھا گیا۔