حوثیوں، حزب اللہ اور قدس فورس کے ایجنٹوں پر امریکہ کی اقتصادی پابندیاں

مذکورہ ایجنٹوں پر انسداد دہشت گردی کے الزامات کے تحت پابندیاں عاید کیں،محکمہ خزانہ

بدھ 27 مارچ 2024 11:46

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) امریکہ نے ایران نواز گروپوں حوثی ملیشیا، حزب اللہ اور القدس فورس کے متعدد ایجنٹوں پر انسداد دہشت گردی کے الزامات کے تحت پابندیاں عاید کی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہاکہ پابندیوں کا ہدف چھ اداروں، افراد اور دو ٹینکر ہیں جو لائبیریا، ہندوستان، ویت نام، لبنان اور کویت میں مقیم یا رجسٹرڈ ہیں۔

انہوں نے سامان کی ترسیل اور مالی لین دین میں سہولت فراہم کرنے میں حصہ لیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک بیان میں کہا کہ ہم دہشت گرد گروپوں کے لیے غیر قانونی سامان بھیجنے والوں کو نشانہ بنانے کے لیے اپنے اختیار میں موجود وسائل کا استعمال جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ خزانہ نے مزید کہا کہ اس نے 11 افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کی ہیں جو شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کی حمایت کرتے ہوئے غیر قانونی رقوم کی منتقلی اور منشیات کی اسمگلنگ میں سہولت فراہم کرتے مالی مدد کرتے رہے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسد حکومت غیر قانونی کیپٹاگون تجارت اور غیر ملکی اداروں کی مدد سے شام سے نکالے گئے اور برآمد کیے جانے والے خام مال کی برآمد سے نمایاں آمدنی حاصل کرتی ہے۔امریکہ نے اعلان کیا کہ وہ ایسے اداروں پر پابندیاں عائد کرے گا جو بشار الاسد کو "کان کنی کے شعبے میں لاکھوں ڈالر کمانی" میں مدد کرتے ہیں۔