لاہور ہائیکورٹ نے عثمان ڈار کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کر لی

بدھ 27 مارچ 2024 13:35

لاہور ہائیکورٹ نے  عثمان ڈار کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کی درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے عثمان ڈار کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں عمرے پر جانے کی اجازت دیدی جبکہ عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عثمان ڈار کی عبوری ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے ان کی سات روزہ حفاظتی ضمانت بھی منظور کر لی۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے بدھ کو کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عثمان ڈار اپنے خاندان کے ساتھ عمرہ کرنے جانا چاہتے ہیں، ایف آئی اے نے ان کا نام پرووینشل نیشنل آئیڈنٹی فیکیشن لسٹ میں ڈال رکھا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ان کے موکل کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم دے اور ایف آئی اے کو عثمان ڈار اور خاندان کے سعودی عرب جانے میں رخنہ ڈالنے سے روکا جائے۔

عدالت نے عثمان ڈار کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے عمرے پر جانے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے درخواست گزار کو سیکرٹری داخلہ پنجاب کو شورٹی بانڈز دینے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ علاہ ازیں عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عثمان ڈار کی سات روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور درخواست نمٹا دی۔