اوپن یونیورسٹی میں تجویدالقرآن کلاسز کی تقسیم اسناد کی تقریب کا انعقاد

بدھ 27 مارچ 2024 16:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے رمضان المبارک میں تلاوت قرآن کی فضیلت کو مد نظر رکھتے ہوئے تجوید القرآن کی کلاسز کا انعقاد کیا ، شعبہ قرآن و تفسیر کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کی زیر نگرانی کلاسز 2رمضان المبارک سے شروع ہوئیں جو جمعہ 17رمضان تک جاری رہیں گی۔ یونیورسٹی کے37 ملازمین کو رجسٹرڈ کیا گیا تھا جن میں 22خواتین اور 15مرد ملازمین شامل ہیں۔

تقسیم اسناد کی تقریب گذشتہ روز منعقد ہوئی جس کی صدارت کلیہ عربی و علومہ اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے کی جبکہ ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اینڈ فالو اپ پروفیسر ڈاکٹر سید عامر شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔میزبانی کے فرائض شعبہ قرآن و تفسیر کے چیئرمین ڈاکٹر ثناء اللہ حسین نے انجام دیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر عامر شاہ نے کہا کہ قرآن اور رمضان کا آپس میں گہرا تعلق ہے، ہمیں رمضان کی قدر کرتے ہوئے روزہ کے ساتھ ساتھ تلاوت قرآن میں مصروف رہنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کا علم سیکھنا اور سکھانا بہترین عمل ہے،، قرآن سکھانے کے عمل پر انہوں نے شعبہ قرآن و تفسیر کے چیئرمین ڈاکٹر ثناء اللہ اور اُن کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قرآن سکھانے کا یہ سلسلہ باقاعدگی سے جاری رہنا چاہئے۔ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے کہا کہ نبی کریمؐ نے فرمایا تھا کہ مسلمانوں کی راہنمائی کے لئے میں قرآن و سنت یہ دو چیزیں چھوڑ کر جارہا ہوں، بدقسمتی سے قرآن و سنت سے دوری اختیار کرکے آج ہم نے دوسری چیزوں کو مقدم رکھا ہے جو ہماری زوال کی اصل وجہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم کی جانب لوگوں کو واپس لانے کی شعبہ قرآن و تفسیر کی یہ کاوش قابل تحسین ہے۔ ڈاکٹر ثناء اللہ نے کہا کہ تجوید القرآن کلاسز میں اساتذہ نے قرآن مجید کی ادائیگی اور لہجے کی درستگی اور مخارج کو درست کرنے پر خصوصی توجہ دی ہے۔انہوں نے بتایاکہ عام فہم انداز میں، جدید اور آسان اسباق کے ذریعے قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ سکھانے کی پوری کوشش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اِن کلاسز میں اساتذہ نے 37ملازمین کو بنیادی دینی احکام سکھادئیے ہیں۔تربیتی شرکاء نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے تجویدالقرآن کی کلاسز کو رمضان تک محدود نہ رکھنے،پورے سال جاری رکھنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ روشنی اور نور ہے جو ہمیں ہماری زندگی کے ہر پہلوں میں راہنمائی فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ جاری رہنا چاہئے،اس سے ہماری رندگیوں میں روشنی آئے گی جس کا اجر ادارے اور شعبہ قرآن و تفسیر کو جائے گا۔تقریب کے اختتام پر تربیتی شرکاء میں اسناد تقسیم کئے گئے۔