غیر قانونی بھرتی کیس،پرویز الہی اور محمد خان بھٹی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں مسترد

بدھ 27 مارچ 2024 16:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) لاہور کی انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی ، سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں خارج کردیں ۔قبل ازیں عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ۔

اینٹی کرپشن کورٹ کے جج ارشد حسین بھٹہ نے بدھ کے روز فیصلہ سنایا ۔عدالت نے پراسیکیوشن کے دلائل مکمل کرنے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ ملزمان کے وکیل برہان معظم ملک نے دلائل پہلے ہی مکمل کر رکھے تھے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعلی پنجاب اور محمد خان بھٹی نے ضمانت بعدازگرفتاری کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ برس 19ستمبر کو پرویز الہی کو اس مقدمے سمیت محمد خان بھٹی کی غیر قانونی تعیناتی کے معاملے پر دوبارہ حراست میں لے لیا گیا تھا۔

اینٹی کرپشن حکام نے مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کر رکھا ہے۔ پرویز الہی اور محمد خان بھٹی سمیت دیگر کیخلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے مقدمہ درج کر رکھا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں تحریری امتحان میں فیل ہونے والے ملزموں کو گریڈ 17میں ملازمتیں دی گئیں،بھرتی ہونے والے ملازمین میں سمیع اللہ ،وقاص سرور ،دانیال ستار خان، طاہر احمد مکی، محمد اعجاز ، محمد حیدر ،شفقت محمد امین، زیب الحسن، مختار احمد رانجھا اور محمد عاقف شامل ہیں ۔